کرکٹ کی بحالی کے لئے پاکستان نے ایشیائی ’دوستوں‘ سے مدد کی اپیل کردی

 بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو ہمارے ساتھ مزید تعاون کرنا چاہیے،شہریارخان

 بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو ہمارے ساتھ مزید تعاون کرنا چاہیے،شہریارخان۔ فوٹو : فائل

پی سی بی نے ملک میں کرکٹ کی بحالی کیلیے ایشیائی 'دوستوں' سے پھر مدد کی اپیل کردی، چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو ہمارے ساتھ مزید تعاون کرنا چاہیے، زمبابوے کے کامیاب دورے سے دیگر ٹیموں کی آمد کا راستہ کھل جائیگا، سیکیورٹی ایجنسیز کو بھی انتظامات مزید بہتر بنانے کا تجربہ ملے گا، شائقین مہمان ٹیم کی بھرپورحوصلہ افزائیں کریں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان کا کہنا ہے کہ ہماری زمبابوے کیخلاف سیریز سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں، ہمیں پوری امید ہے کہ اس کے بعد مزید ٹیموں کی بھی پاکستان آمد کا دروازہ کھلے گا۔ اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ زمبابوے کے ٹور سے ہمیں، حکومت اور سیکیورٹی ایجنسیز کواس بات کا تجربہ ہوگا کہ مہمان ٹیموں کیلیے زیادہ بہتر انتظامات کس طرح کیے جاسکتے ہیں۔


انھوں نے کہا کہ اب ہمارے ہمسایہ ایشیائی ممالک کیلیے بھی یہی وقت ہے کہ وہ زمبابوے کی پیروی کریں، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش سب کو چاہیے کہ وہ پاکستان میں مستقل بنیادوں پر انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کو یقینی بنانے کیلیے ہم سے تعاون کریں۔

شہریار خان نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے جیمرز استعمال کررہے ہیں،عوام کو میچز دیکھنے کیلیے تین درجوں پر مشتمل سیکیورٹی سے گزرنا پڑے گا جس میں میٹل ڈیٹیکٹرز کی مدد سے تلاشی بھی شامل ہے۔ شہریار نے کہا کہ زمبابوے نے انتہائی دبائو کے باوجود پاکستان آکر ہماری سپورٹ کی اس لیے شائقین کو چاہیے کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ مہمان سائیڈ کی بھی حوصلہ افزائی کریں۔
Load Next Story