عبدالرزاق تنازع چیئرمین بورڈ نے کپتان کی حمایت کردی

ورلڈ کپ سیمی فائنل میں آل رائونڈرکونہ کھلانے کا فیصلہ حفیظ نہیں بلکہ مینجمنٹ نے کیا، ذکااشرف


Sports Reporter October 13, 2012
ٹیم کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا، آئی سی سی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلیے سنجیدہ ہے، وطن واپسی پر بات چیت، بورڈ کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ فوٹو : فائل

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ذکااشرف نے عبدالرزاق تنازع میں محمد حفیظ کی حمایت کردی۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آل رائونڈر کونہ کھلانے کا فیصلہ کپتان نہیں بلکہ ٹیم مینجمنٹ نے کیا، ان کے مطابق آئی سی سی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلیے سنجیدہ ہے، انھوں نے میگا ایونٹ میں ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دریں اثنا چیئرمین کی اسلام آباد روانگی کے سبب جمعے کو شیڈول بورڈ کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹی20 ورلڈکپ کے میچز دیکھنے اورکولمبو میں آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے بعد ذکا اشرف وطن واپس پہنچ گئے۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ سری لنکا کیخلاف سیمی فائنل میں عبدالرزاق کونہ کھلانے کا فیصلہ محمد حفیظ نے نہیں بلکہ ٹیم مینجمنٹ نے کیا۔ یاد رہے کہ وطن آمد کے بعد عبدالرزاق نے الزام عائد کیا تھا کہ انھیں کپتان کے کہنے پر پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں بنایا گیا، مینجمنٹ اور کھلاڑی آسٹریلیا کو مات دینے والے اسکواڈ میں کسی تبدیلی کے حق میں نہیں تھے، متنازع بیان پر پی سی بی نے عبدالرزاق کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا ہوا ہے، اس سوال پر کہ ان کے کہنے پر کپتان اور کوچ نے اوپنر عمران نذیر کو ایونٹ کے تمام میچز میں کھلایا ذکااشرف نے واضح کیا کہ میں ٹیم کے معاملات میں کوئی مداخلت نہیں کرتا، پلیئرز کا انتخاب سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کا کام ہے اور میں اس میں دخل نہیں دیتا ہوں۔

چیئرمین نے ورلڈکپ کے فائنل میں نہ پہنچنے والی ٹیم کو مکمل سپورٹ کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میں پلیئرز کی کارکردگی اطمینان بخش رہی،انھوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ، بھارت اور دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی ٹیم بھی فائنل فور میں جگہ حاصل نہ کر سکی ، اس لحاظ سے دیکھیں تو ہمارے اسکواڈ کا کھیل عمدہ رہا،انھوں نے سیمی فائنل کی پچ کے بارے میں کہا کہ وہ اچھی نہیں تھی اور آئی سی سی نے بھی اس پر تنقید کی ہے،اس کے بعد کیا کہنے کی گنجائش رہ جاتی ہے، ذکا اشرف نے کہاکہ انٹرنیشنل کونسل پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیلیے سنجیدہ اور ہمیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پی سی بی جلد ٹیم کی کارکردگی کا مکمل جائزہ لے گا، مستقبل کی منصوبہ بندی کیلیے ٹیم مینجمنٹ کی رپورٹس بھی نظر میں رکھی جائیںگی۔ دریں اثنا گذشتہ روز شیڈول پی سی بی کا اہم اجلاس چیئرمین پی سی بی کی نجی مصروفیات کے باعث اسلام آباد روانگی کے سبب ملتوی کردیا گیا،امکان ہے کہ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران آئندہ چند روز میں قذافی اسٹیڈیم میں میٹنگ کرینگے، چیئرمین کی زیر صدارت اجلاس میں منیجرنوید اکرم چیمہ اورکوچ ڈیو واٹمور ورلڈ کپ کے حوالے سے اپنی رپورٹس پیش کریں گے جبکہ قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، میٹنگ میں آل رائونڈر عبدالرزاق کا کپتان محمد حفیظ کیخلاف بیان اور امپائرز اسکینڈل بھی زیر غورآنے کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں