معین نے آفریدی کو کرکٹ سے بریک کا مشورہ دیدیا

تجربہ کار آل رائونڈر مزید چند سال ملک کیلیے خدمات انجام دے سکتا ہے، سابق کپتان

چیمپئنز لیگ: شاہد آفریدی ایکشن میں، معین خان نے انھیں کرکٹ سے کچھ عرصے دوری کا مشورہ دیاہے۔ فوٹو: فائل

سابق کپتان معین خان نے آل رائونڈر شاہد آفریدی کو کرکٹ سے کچھ عرصے تک دوری اختیار کرنے کا مشورہ دے دیا۔


میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ میں اس تاثر سے متفق نہیں کہ آفریدی کو ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دینا چاہیے، وہ اب بھی مزید چند سال ملک کیلیے خدمات انجام دے سکتا ہے،اسے کرکٹ سے وقفہ لیتے ہوئے کچھ وقت اہل خانہ کے ساتھ گذارنا چاہیے، اس صورت میں وہ دورئہ بھارت سے قبل تروتازہ اور پُراعتماد ہو کر واپس آئے گا۔ انھوں نے کہا کہ بیٹنگ میں اعتماد کی کمی آفریدی کی مجموعی کارکردگی پر اثر انداز ہو رہی ہے مگر اس کی کرکٹ ابھی ختم نہیں ہوئی۔ یاد رہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بدترین ناکامی کا شکار ہونے کے بعد بعض حلقے آفریدی سے ریٹائرمنٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

معین خان نے آل رائونڈر عبدالرزاق کو بھی سپورٹ کیا جو کپتان محمد حفیظ پر تنقید کی پاداش میں بورڈ سے شوکاز نوٹس وصول کر چکے ہیں، سابق وکٹ کیپر نے کہا کہ عبدالرزاق کو ایسا بیان نہیں دینا چاہیے تھا تاہم سیمی فائنل نہ کھلانے پر فرسٹریشن کا شکار ہو کر انھوں نے یہ کیا،اس میں کوئی شک نہیں کہ اتنا اہم میچ نہ کھلا کر آل رائونڈر کے ساتھ ناانصافی کی گئی تھی، ان کے تجربے کو دیکھتے ہوئے حفیظ کی جانب سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ درست نہ تھا۔ انھوں نے ٹیم کیلیے کوچ ڈیو واٹمور کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ مجھے بتائیں کہ ان کے عہدہ سنبھالنے کے بعد ٹیم میں کیا بہتری آئی ہے۔
Load Next Story