بنگلہ دیشی پریمیئر لیگ ٹیموں کی تعداد بڑھانے پر غور

9 نومبر کو نئی سائیڈزکے لیے نیلامی کا عمل کیا جائے گا، ایونٹ کا جنوری میں انعقاد

9 نومبر کو نئی سائیڈزکے لیے نیلامی کا عمل کیا جائے گا، ایونٹ کا جنوری میں انعقاد. فوٹو: فائل

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں 6 سے زائد ٹیمیں شریک ہوسکتی ہیں۔


پہلے ایونٹ میں بورڈ کے وضع کردہ معیار پر پورا نہ اترنے والی ڈھاکا اور راجشاہی کی ٹیمیں اس مرتبہ بھی جلوہ گر ہوں گی، موجودہ فرنچائزز سے معاہدے کرنے کی آخری تاریخ 20 اکتوبر مقرر کی گئی ہے، اس تاریخ تک بورڈ کی شرائط وضوابط مکمل اور ادائیگیاں کرنے والی ٹیموں کو ایونٹ میں حصہ لینے کا موقع ملے گا، ان تفصیلات کا اعلان بی پی ایل گورننگ کونسل کے چیئرمین غازی اشرف حسین نے کیا، انھوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ فرنچائز اگر بورڈ کی شرائط اور ضوابط پر پورا اترنے میں ناکام رہیں تو پھر 9 نومبر کو نئی ٹیموں کے لیے نیلامی کا عمل کیا جائیگا،اگر کونسل نے چاہا تو6 ٹیموں کے علاوہ مزید سائیڈز کو بھی ایونٹ کا حصہ بنایا جاسکتا ہے، ابھی تک ہم نے موجودہ فرنچائزز سے معاہدے نہیں کیے ہیں، اس کی حتمی تاریخ 20 اکتوبر ہے۔

اگر تب تک ان سے بات نہیں بنی تو پھر ہم نئے خریداروں کی جانب دیکھیں گے،ٹیموں کی تعداد بڑھانے کی صورت میں نئی فرنچائز کیلیے نیلامی کی جائے گی، واضح رہے کہ پلیئرز کیلیے نیلامی کی تاریخ 7دسمبر مقرر کی گئی ہے، بنگلہ دیشی پریمیئر لیگ کا دوسرا ایڈیشن آئندہ برس 17جنوری کو تین وینیوزشیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، چٹاگانگ ایم اے عزیز اسٹیڈیم اور کھلنا کے شیخ ابونصیر اسٹیڈیم میں ہوگا، سلہٹ اور راجشاہی کے میدان وارم اپ میچز کیلیے استعمال کیے جائیں گے، آئیکون پلیئرز کیٹیگری ختم کرکے گولڈن، اے ، بی اور سی متعارف کرائی گئی ہیں، جس میں آخرالذکر تینوں کیٹیگریز میں مقامی اور غیرملکی کرکٹرز کے لیے الگ الگ معاوضے رکھے گئے،گولڈن کیٹیگری میں بنیادی قیمت 75 ہزار ڈالر سے شروع جبکہ فائنل بڈنگ پرائس ڈیڑھ لاکھ ڈالر تک ہوگی۔
Load Next Story