مصطفی کمال کو وطن واپسی پر پھولوں میں لاد دیا گیا

تقرری میں اہم کردار ادا کرنے پر پاکستان کا شکرگزار ہوں، آئی سی سی نائب صدر

تقرری میں اہم کردار ادا کرنے پر پاکستان کا شکرگزار ہوں، آئی سی سی نائب صدر فوٹو : فائل

آئی سی سی کا نائب صدر بننے والے بنگلہ دیشی مصطفیٰ کمال کو وطن واپسی پر پھولوں میں لاد دیا گیا۔


انھوں نے تقرری پر پاکستان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر مصطفیٰ کمال گذشتہ روز کولمبو سے ڈھاکا واپس پہنچ گئے، وہاں میٹنگز کے دوران انھیں 2012سے 2014 تک کونسل کے نائب صدر کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، ایلن آئزک کے عہدے کی میعاد پوری ہونے پر وہ ایک برس کیلیے صدر بھی بنیں گے، البتہ یہ دونوں عہدے علامتی ہوں گے۔ ایئرپورٹ پر بورڈ آفیشلز،سابق کپتانوں اکرم خان، منہاج العابدین، خالد محمود اور خالد مشہود سمیت سپورٹرز نے اُن کا پُرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر ہار پہنائے گئے اورگلدستے بھی پیش کیے گئے۔ مصطفیٰ کمال کو اب بنگلہ دیشی بورڈ میں اپنا عہدہ چھوڑنا پڑے گا،انھوں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران اس بارے میں کچھ واضح نہیں کیا۔

البتہ یہ ضرور کہا کہ میرے آئی سی سی کے نائب صدر کی میعاد جولائی سے شروع ہو چکی مگر ابھی ہمیں کسی جلدبازی کی ضرورت نہیں کہ کب میں بنگلہ دیشی بورڈ کا چارج نئے صدر کو سونپوں گا،آئندہ چند روز میں صورتحال واضح ہو جائے گی،انھوں نے اسے بنگلہ دیش اور کرکٹ سے محبت کرنے والے شائقین کیلیے قابل فخر لمحہ قراردیتے ہوئے کہا کہ میں کھیل کے بارے میں اپنے جنون کی وجہ سے اس مقام تک پہنچا، میں گذشتہ 25 برس سے کرکٹ سے وابستہ ہوں اور اس دوران کی گئی محنت کا اب صلہ پایا،انھوں نے بنگلہ دیش سمیت دنیا بھر میں کھیل کی بہتری کیلیے اقدامات کا بھی یقین دلایا۔ مصطفیٰ کمال نے آئی سی سی ممبر ممالک اور خصوصاً پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک نے میری تقرری میں اہم کردار ادا کیا۔ دریں اثنا مقامی میڈیا کے مطابق مصطفیٰ کمال آئندہ چند روز میں وزیر اعظم شیخ حسینہ سے ملاقات کر کے بنگلہ دیشی بورڈ سے ریلیز کرنے کی درخواست کریں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story