پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا

پاکستانی ٹیم زمبابوے سے دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بھی جیت کر ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا جشن منانے کی خواہاں ہے

مہمان ٹیم پہلے میچ میں سامنے آنے والے مثبت پہلو سامنے رکھتے ہوئے سیریز برابر کرکے بلند حوصلے کے ساتھ ون ڈے میچز کا آغاز کرنے کی خواہاں ہے۔ فوٹو : فائل

QUETTA:
پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا جشن کلین سویپ کے ساتھ منانے کا خواہاں ہے، زمبابوے سے دوسرا ٹی ٹوئنٹی مقابلہ آج قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔

پاکستانی ٹیم آج زمبابوے سے دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بھی جیت کر ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا جشن منانے کی خواہاں ہے،گرین شرٹس نے گذشتہ روز نیٹ پریکٹس کے بجائے آرام کو ترجیح دی، البتہ ٹیم میٹنگ میں پہلے مقابلے میں نظر آنے والی خامیوں پر غور کیا گیا، اس دوران فیلڈنگ میں مسائل اور اوپنرز کی بڑی شراکت کے بعد مڈل آرڈر کی جانب سے جلد بازی میں وکٹیں گنوانے جیسے امور زیر بحث آئے، پلیئنگ الیون میں ممکنہ تبدیلیوں پر بھی غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹی کی جگہ حماد اعظم کو موقع دیا جاسکتا ہے،ڈومیسٹک کرکٹ میں مختار احمد کے انداز میں ہی جارحانہ بیٹنگ کرنے والے نعمان انور کے ساتھ محمد رضوان کا نام بھی زیرغورآیا، پالیسی کے تحت تجربات کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تو عماد وسیم کو ڈیبیو کا موقع مل سکتا ہے، ٹیم مینجمنٹ کے لیے تشویش کی بات یہ ہے کہ پہلے میچ میں پاکستان نے فتح تو گلے لگائی لیکن کارکردگی میں تسلسل دیکھنے میں نہیں آیا تھا، سمیع نے تین وکٹیں تو لیں مگر4اوورز میں 36 رنز دیے۔


وہاب ریاض کی بولنگ بہترین اور بدترین گیندوں کا امتزاج تھی، ناتجربہ کار بلاول بھٹی کے ساتھ دیگر پیسرز بھی مہمان ٹیم کو بڑا اسکور بنانے سے نہ روک سکے، اس میں فیلڈرز کی کارفرمائی بھی شامل تھی، سرفرازاحمد نے اسٹمپنگ کے مواقع بھی ضائع کیے، اسی لیے وکٹ کیپر آرام کرنے کے بجائے گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں سرگرم نظر آئے، احمد شہزاد اور مختار احمد کی اوپننگ شراکت روز روز قائم نہیں ہو سکتی، مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ اننگز کو استحکام دینے کے لیے محمد حفیظ اور شعیب ملک کی فارم بھی اہم ہوگی، اسی طرح عمراکمل کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، شاہد آفریدی نے پہلی ہی گیند پر وننگ اسٹروک سے اپنے انداز کی جھلک دکھائی۔دوسرے میچ میں بھی شائقین ان کے بیٹ سے چوکوں چھکوں کی برسات دیکھنے کے خواہاں ہوں گے۔

زمبابوے ٹیم نے دوسرے امتحان سے قبل ایک بار پھر ہوم ورک مکمل کرنے کے لیے قذافی اسٹیڈیم کا رخ کیا، کھلاڑیوں نے وارم اپ سے آغاز کرنے کے بعد 3 گھنٹے تک بھرپور پریکٹس کی،ایک سیشن فیلڈنگ اور کیچنگ کا ہوا، بعدازاں بیٹسمینوں نے اسٹروکس کھیلنے کی مشق کی، کوچ ڈیو واٹمور نے آف اسٹمپ سے باہر جاتی گیندوں کو کھیلنے کی خصوصی پریکٹس کرائی۔ اس موقع پر مہمان بولرز کی معاونت پاکستانی انڈر 19 کھلاڑی کرتے رہے۔

مہمان ٹیم پہلے میچ میں سامنے آنے والے مثبت پہلو سامنے رکھتے ہوئے سیریز برابر کرکے بلند حوصلے کے ساتھ ون ڈے میچز کا آغاز کرنے کی خواہاں ہے۔ کپتان ایلٹن چگمبرا ٹاپ 5 میں بیٹنگ کی ذمہ داری ملنے پر مسلسل کارکردگی میں بہتری لارہے ہیں،انھوں نے پہلے میچ میں 54 کی اننگز کھیلی تھی،اس بار بھی ان سے توقعات وابستہ ہوں گی، ہیملٹن مساکیڈزا بھی امیدوں کا مرکز ہیں، بولرز میں گریم کریمر کنڈیشنز کا فائدہ اٹھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا تو پیسر تناشے پنیانگرا کی جگہ توانڈا مپاریوا کو آزمانے کا آپشن موجود ہے، مڈل آرڈر میں سکندر رضا کو کریگ ایرون کے لیے جگہ خالی کرنا پڑسکتی ہے۔
Load Next Story