فرنچ اوپن گرینڈ سلم ٹائٹل کے لیے جنگ آج چھڑے گی

ویمنز سنگلز میں ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز کو راؤنڈ8 میں رسائی کے لیے وکٹوریا آذرنیکا اور وینس ولیمزکا چیلنج درپیش ہوگا۔

ویمنز سنگلز میں ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز کو راؤنڈ8 میں رسائی کے لیے وکٹوریا آذرنیکا اور وینس ولیمزکا چیلنج درپیش ہوگا۔ فوٹو : اے ایف پی

سیزن کے دوسرے گرینڈ سلم فرنچ اوپن ٹینس ٹائٹل کے لیے جنگ اتوار سے چھڑے گی،7 جون تک جاری رہنے والے ایونٹ میں مینز سنگلز کے دفاعی چیمپئن رافیل نڈال ہیں،ویمنز سنگلز میں روسی ساحرہ ماریا شراپووا اعزاز کا دفاع کریں گی، عالمی رینکنگ میں تنزلی کے سبب نڈال کو اس مرتبہ 6 سیڈنگ دی گئی ہے،اتوار کو ابتدائی دن راجرفیڈرر ، جوئے ولفریڈ سونگا، سیمونا ہالیپ اور اینا ایوانووک ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق فرنچ اوپن کا آغاز اتوار سے ہورہا ہے، کوالیفائنگ مرحلے کی تکمیل پر مین راؤنڈ ڈراز مکمل ہوگئے، سیزن کے دوسرے گرینڈ سلم میں سیکنڈ سیڈ راجرفیڈرر کی مہم کا آغاز الیجاندرو فالا کیخلاف مقابلے سے ہوگا، میزبان امیدوں کا محور جوئے ولفریڈ سونگا کا سامنا کرسٹیان لینڈل سے ہونا ہے، سوئس پلیئر اسٹینسلس واورنیکا کا مقابلہ مارسیل ایلہان جبکہ جاپانی اسٹار کائی نیشکوری کا مقابلہ پال ہنری میتھیوسے ہوگا۔ ویمنز سنگلز میں اتوار کو تھرڈ سیڈ سیمونا ہالیپ روس کی ایوگینیا روڈینا کیخلاف کورٹ میں اتریں گی۔


کیرولینا گارشیا کا سامنا ڈونا ویسک سے ہوگا، ایکٹرینا ماکارووا کو لوئیسا چیراشو کا چیلنج درپیش ہے، اینا ایوانووک کی معرکہ آرائی قازقستان کی یاروسلوا شیوڈووا سے ہوگی، گاربین مگروزا کا مقابلہ پیٹرا مارٹک سے ہونا ہے، لوسیا سفارووا روسی حریف اناستاسیا پاولیچنکووا کیخلاف کورٹ سنبھالیں گی،کرسٹین فلپکنز کو روسی کھلاڑی الینا ویسنینا کا چیلنج درپیش ہوگا، میزبان فرانس کے لیے آخری مرتبہ 1983 میں یانیک نائو نے ٹرافی جیتی تھی۔

اس کے بعد سے کوئی دوسرا فرنچ پلیئر چیمپئن نہیں بن پایا، اگرچہ موجودہ عہد میں کھیلنے والے جوئے ولفریڈ سونگا، گیل مونفلز، رچرڈ گیسکوئٹ اور جائلز سیمون کو ' گولڈن جنریشن' کہا جاتا ہے لیکن ان چاروں میں سے ابھی تک کوئی بھی ٹائٹل اپنے نام نہیں کرپایا، سیمون سردست فرانس کے نمبرون پلیئر ہیں لیکن عالمی درجہ بندی میں ان کی پوزیشن 13 ہے۔

وہ کمر کی تکلیف کے سبب گذشتہ ہفتے منعقدہ نائس مینز ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے پائے تھے،9 مرتبہ کے چیمپئن رافیل نڈال اگر ابتدائی چار میچز جیتنے میں کامیاب رہے تو کوارٹر فائنل میں ان کا ٹاکرا ٹاپ سیڈ نووک جوکووک سے ہوسکتا ہے، ویمنز سنگلز میں ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز کو راؤنڈ8 میں رسائی کے لیے وکٹوریا آذرنیکا اور وینس ولیمزکا چیلنج درپیش ہوگا۔
Load Next Story