لارڈز ٹیسٹ کک اور اسٹوکس نے کیوی اٹیک کی دھجیاں اڑادیں

سنچریاں جڑکر انگلینڈ کو بچالیا، میزبان ٹیم کے 6 وکٹ پر 429رنز، 295 کی برتری مل گئی

چوتھے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو انگلینڈ نے 6 وکٹ پر 429 رنز بنالیے تھے۔ فوٹو : اے ایف پی

انگلش کپتان الیسٹرکک اور بین اسٹوکس نے کیوی اٹیک کی دھجیاں بکھیر دیں، سنچریاں جڑکر ٹیم کو مشکل صورتحال سے باہر نکال لیا، چوتھے دن کے اختتام تک انگلینڈ نے 6 وکٹ پر 429 رنز بناکر 295 رنز کی برتری حاصل کرلی، کک 153 رنز پر ناقابل شکست تھے، اسٹوکس نے لارڈز میں تیزترین سنچری کا کارنامہ انجام دیا۔


تفصیلات کے مطابق انگلیند نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز 74 رنز دو وکٹ سے کیا، ای ین بیل کو اپنے گذشتہ روز کے اسکور 29 میں اضافہ نصیب نہیں ہوا اور وہ پہلے ہی اوور میں ٹم ساؤتھی کی گیند پر لیتھم کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، اس موقع پر کپتان الیسٹرکک نے جوئے روٹ کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن شروع کردیا، جس وقت بیل آؤٹ ہوئے تب بھی انگلینڈ کو خسارے سے باہر آنے کے لیے مزید 60 رنز درکار تھے،کک اور جوئے روٹ نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 127 رنز جوڑ کر اسکور کو 232 تک پہنچایا، روٹ رواں میچ میں دوسری مرتبہ سنچری سے محروم رہے، انھیں 84 رنز پر میٹ ہینری نے بولٹ کی مدد سے قابو کیا، اب کک نے بین اسٹوکس کے ساتھ مل کر کیوی بولرز کی درگت شروع کی۔

اس دوران 206 بالز پر سنچری بھی مکمل کی جبکہ اسٹوکس نے صرف 85 بالز پر تھری فیگر اننگز سجائی جوکہ لارڈز میں تیز ترین ٹیسٹ سنچری ہے۔ دونوں کے درمیان پانچویںوکٹ کیلیے 132 رنز کی شراکت ہوئی۔ اسٹوکس 101 رنز بناکر کریگ کی گیند پر روس ٹیلر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔جوز بٹلر زیادہ دیر کپتان کا ساتھ نہیں دے پائے اور14 رنز پر ہینری کی وکٹ بن گئے، ان کا کیچ بھی لیتھم نے تھاما۔ جب چوتھے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو انگلینڈ نے 6 وکٹ پر 429 رنز بنالیے تھے، الیسٹرکک 153 اور معین علی 19 رنز پر کھیل رہے تھے، اس طرح میزبان سائیڈ کو 295 رنز کی برتری حاصل ہوچکی جبکہ چار وکٹیں باقی ہیں۔
Load Next Story