کالعدم تنظیموں اور جرائم پیشہ عناصر کے مالی ذرائع روکنے کا فیصلہ

رمضان المبارک اورعیدالفطر کے موقع پرعطیات کی وصولی کےلیے رجسٹرڈ فلاحی تنظیموں اوراداروں کواجازت نامہ جاری کیاجائے گا۔


عامر خان May 25, 2015
بردستی عطیات وصول کرنے والوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے ملک بھرمیں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث کالعدم تنظیموں اورجرائم پیشہ عناصر کے مالی ذرائع کی روک تھام کیلیے مربوط حکمت عملی طے کرلی ہے۔

حکمت عملی کے تحت کالعدم تنظیموں کی جانب سے نام تبدیل کرکے اورنئی تنظیمیں بناکر کام کرنیوالوں پربھی پابندی عائدکی جائے گی، زبردستی عطیات وصول کرنے والوں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیںگے اور رمضان المبارک میں صرف رجسٹرڈ فلاحی اوردیگر اداروں کومکمل سیکیورٹی کلیئرنس کے بعدعطیات کی وصولی کے لیے متعلقہ ادارے اجازت نامہ جاری کریںگے۔ بعض تنظیموں کے ایسے افرادجن کی سرگرمیاں خلاف قانون ہوئیں، سیکیورٹی اداروں کی جانب سے نشاندہی کے بعدان کی سرگرمیوں پرنظر رکھنے کے لیے ان کوفورتھ شیڈول لسٹ میں شامل کیا جائے گااور 16ایم پی اوکے تحت نظربند کرنے سمیت قانون کے مطابق ان کوگرفتار کرنے کی پالیسی اختیارکی جائے گی۔

وفاقی حکومت نے دہشت گردوں کومالی مددکرنے والوں اوران کوسہولتیں فراہم کرنے والے معاونین کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کے لیے موجودہ قوانین میں مزید ترامیم پر مشاورت شروع کردی ہے اور پارلیمانی جماعتوں اور صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد وزارت داخلہ اور وزارت قانونی مسودے کو حتمی شکل دیں گی۔ کراچی آپریشن سمیت ملک کے مختلف اضلاع میں گرفتارٹارگٹ کلرزاور خطرناک دہشت گردوں سے تحقیقات کے دوران انکشاف ہواہے کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت کابڑا ذریعہ اراضی پر قبضہ، بینک ڈکیتیاں، اغوابرائے تاوان، منشیات فروشی اوربھتہ خوری ہے۔ یہ نیٹ ورک مختلف گروپس چلارہے ہیں جنھیں مختلف کالعدم تنظیموں اوربعض سیاسی ومذہبی جماعتوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔ خصوصاً رمضان میں یہ گروپس مختلف طریقے سے زیادہ سے زیادہ فطرہ، زکوٰۃ، عطیات اور دیگرمد میں رقوم کی وصولی کے لیے مختلف انداز میں کام کرتے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے انٹیلی جنس بنیادوں پرکھوج لگایا جارہا ہے کہ ان گروپس کی جانب سے کس اندازمیں عطیات کی وصولی کاکام کیاجاتا ہے، کون کون سے افرادان کوعطیات دیتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پرعطیات وصول کرنے والی تنظیموں کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی حاصل کی جائیںگی۔

رمضان المبارک اور عیدالفطر کے موقع پرعطیات کی وصولی کے لیے بعدرجسٹرڈ فلاحی تنظیموں اوردیگر اداروں کواجازت نامہ قانون کے مطابق جاری کیاجائے گا۔ زمینوں پرقبضے کی شکایات کے حوالے بھی تحقیقات جاری ہے کہ سرکاری ونجی اراضی کے ناجائز حصول میں کون کون ملوث ہے۔ مکمل نشاندہی کے بعدان عناصرکے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیاجائے گااور اراضی واگزار کرائی جائے گی۔ کراچی بھتہ خوری کی شکایات کے ازالے کے لیے بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک فول پروف نظام تشکیل دے رہے ہیں۔ اگلے مرحلے میں ملک بھرمیں منشیات فروشوں اور اسمگلنگ میں ملوث عناصرکے خلاف بھی تیزترین کارروائی ہوگی۔ منشیات فروشوں اوراسمگلرز کی لسٹیں فائنل کی جارہی ہیں اور مکمل نشاندہی کے بعدیہ عناصربھی سیکیورٹی اداروں کے شکنجے میں ہوںگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں