ہارٹ اٹیک کے بعد دل کے از خود علاج کا انقلابی طریقہ دریافت

VEGF-C نامی جادوئی پروٹین نہ صرف دل کی نالیوں کو بڑھنے میں مدد دیتی ہے بلکہ دل کو قوت بھی فراہم کرتی ہے، ماہرین


ویب ڈیسک May 28, 2015
انتہائی اہم پروٹین متعارف کرانے کے بعد دواؤں کے استعمال سے دل کو نارمل کیا جاسکتا ہے، ماہرین، فوٹو:فائل

KARACHI: ماہرین نے ہارٹ اٹیک کے بعد دل کو پہنچنے والے ناقابلِ تلافی نقصان کے بعد اسے درست کرنے کا ایک انقلابی طریقہ دریافت کیا ہے جس کے تحت متاثرہ دل خود ہی اپنی مرمت کرسکے گا۔

برطانوی طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر درست حالات پیدا کیے جائیں تو ہارٹ اٹیک کے بعد متاثرہ دل خود بخود ٹھیک ہوسکتا ہے اور اس کے لیے ایک انتہائی اہم پروٹین متعارف کرانے کے بعد دواؤں کے استعمال سے دل کو نارمل کیا جاسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق VEGF-C نامی اس جادوئی پروٹین کے تجربات چوہوں پر کیے گئے جس کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پروٹین دل کی نالیوں کو بڑھنے میں نہ صرف مدد دیتی ہے بلکہ دل کو قوت بھی فراہم کرتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس پروٹین کے تجربے سے ہارٹ اٹیک کے بعد دل خود بخود ٹھیک ہونا شروع ہوگیا اور اس نے نئی نالیاں بنانا شروع کردیں اوران نالیوں سے دل کے مردہ خلیات بھی باہر نکلنا شروع ہوگئے۔

ماہرین کےمطابق تجربے کے دوران ہارٹ اٹیک کے بعد بدن کے لمف نظام نے دل کو درست کرنا شروع کردیا اور اس کو پہنچنے والے نقصان کو بھی کم کیا جب کہ پروٹین نے دل کے خون پمپ کرنے کی صلاحیت کو بھی بہتر بنایا۔

واضح رہے کہ لمفی نالیاں جسم کے لیے ضروری مائعات اور خون کے سفید خلیات ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچاتی ہیں جو انفیکشن اور چوٹ کی صورت میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں