پرویز مشرف غداری کیس میں اپیلوں پر ہائیکورٹ کا لارجر بینچ بنانے کی سفارش

سابق صدرجنرل(ر) پرویزمشرف کےخلاف لال مسجدکےنائب خطیب عبدالرشید غازی اوران کی والدہ کے قتل کے مقدمے کی سماعت آج ہوگی،


Numainda Express May 28, 2015
سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کے خلاف لال مسجدکے نائب خطیب عبدالرشید غازی اور ان کی والدہ کے قتل کے مقدمے کی سماعت آج ہوگی۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بینچ نے پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں مزید 3 افراد کو شامل تفتیش کرنے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کیلیے لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کرتے ہوئے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا ہے۔

21 نومبرکو خصوصی عدالت نے سابق وزیر اعظم شوکت عزیز، سابق وفاقی وزیر زاہد حامد اور جسٹس (ر) عبدالحمید ڈوگر کو بھی شامل تفتیش کرنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔جس کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کی گئیں جن کی سماعت جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سنگل بینچ نے کی، عدالت نے تینوں درخواست گزاروں سابق وزیراعظم شوکت عزیز، جسٹس(ر) عبدالحمید ڈوگر اور سابق وفاقی وزیر زاہد حامدکو گزشتہ روز بحث کیلیے طلب کیا تھا تاہم وکلا ہڑتال کے باعث کیس کی کارروائی نہ ہو سکی، فاضل جج نے اپیلوں کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کرتے ہوئے معاملہ چیف جسٹس محمد انور خان کاسی کو بھجوا دیا ہے۔

مقدمے میں درخواست گزار توفیق آصف ایڈووکیٹ نے سنگین غداری کیس میں پرویز مشرف کے خلاف الگ ٹرائل چلانے کی درخواست دائرکر رکھی ہے، ان کا موقف ہے کہ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں ٹرائل جاری رکھا جائے اور دیگر 3 افراد کی اپیلوں پر سماعت کےلیے لارجر بینچ تشکیل دیا جائے،گزشتہ روز فاضل جج نے لارجر بینچ کی تشکیل کےلیے معاملہ چیف جسٹس کو بھیجنے کا حکم جاری کر دیا،دوسری طرف سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کے خلاف لال مسجدکے نائب خطیب عبدالرشید غازی اور ان کی والدہ کے قتل کے مقدمے کی سماعت آج ہوگی، ایڈیشنل اینڈ سیشن جج واجد علی خان اس مقدمے کی سماعت کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں