ملالہ کیلئے ہر لب پر دعا ہر آنکھ اشکبار حملے میں ملوث 3اہم ملزم گرفتار

پنجاب،خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں یوم دعا، کئی شہروں میںریلیاں،کراچی میں خصوصی اجتماعات، چرچوںمیں بھی دعائیہ تقاریب


کراچی:ملالہ یوسف زئی سے اظہار یکجہتی کے لیے دیے روشن کیے گئے ہیں جبکہ زیر علاج طالبہ کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی جارہی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

سوات میں دہشت گردوںکانشانہ بننے والی طالبہ ملالہ یوسفزئی کیلیے جمعے کوپنجاب ،خیبر پختونخوااور بلوچستان میں یوم دعامنایاگیا،سندھ میں آج منایا جائے گا۔

سرکاری دفاتر میں12بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی۔جمعہ کے خطبات میں علمانے واقعے کی مذمت کی اور نماز کے بعد خصوصی دعائیں کی گئیں۔ملک کے مختلف شہروں میں دعائیہ اجتماعات ہوئے، مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی اور شمعیں روشن کی گئیں جبکہ ملک بھر کے سکولوں کے بچوں ، طلباو طالبات ، اساتذہ ، سول سوسائٹی ، مذہبی و سیاسی رہنمائوں نے ملالہ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملالہ پر حملے کرنیوالوں کو گرفتار کر کے کیفرکردارتک پہنچایا جائے۔

اسکولوں اور دفاتر میں ملالہ کی صحتیابی کیلیے خصوصی دعائیں کی گئیں،ہرلب طالبہ کیلیے دعا گو اور ہر آنکھ اشکبار تھی،ہر لب پرملالہ کی صحتیابی کیلیے التجارہی۔پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انتہا پسندی دہشت گردی یہود و نصاریٰ کے ایجنٹ کررہے ہیں حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلیے ٹھوس اقدامات کرے۔

معروف عالم دین مولاناشہنشاہ حسین نقوی نے مسجد باب العلم، مسجد آل عباء اور دیگر مقامات پرمنعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملالہ یوسفزئی جیسی معصوم بچی کو نشانہ بنانے والے انسان نہیں بلکہ حیوان ہیں۔جماعت اسلامی (حلقہ خواتین) پاکستان کی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی عائشہ منورنے کہاہے کہ ملالہ یوسفزئی کے ساتھ ہونے والا واقعہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔جعفریہ الائنس کے سیکریٹری جنرل سلمان مجتبیٰ نقوی نے کہاہے کہ پوری قوم ملالہ یوسفزئی اور دیگر زخمی بچیوں کیلہے دعا گو ہے۔

جماعۃ الدعوۃ کے رہنمائوں اور علمائے کرام نے کہاہے کہ ملالہ یوسف زئی پر حملہ شیطانی فلم کے خلاف احتجاج کا رخ موڑنے اور اسلام و پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہے ، ملالہ کو نشانہ بنانے اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔صوبائی وزیر برائے مذہبی امور عبدالحسیب نے کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی پر حملہ دراصل اسلام پر حملہ ہے اور اسلام خواتین کو تعلیم سے منع نہیں کرتا۔امام شیرازی ورلڈ فائونڈیشن کے چیئرمین اورمعروف عالم دین مولانااکرام حسین ترمزی نے ملالہ یوسفزئی پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی۔

لاہور میں مختلف تقاریب ہوئیں جن میں ملالہ کیلیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں،ضلعی انتظامیہ نے جگہ جگہ ملالہ کی تصاویر لگائیں اور اخبارات میں بھی اشتہارات دیے۔فیصل آبادمیں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات نے کچہری بازار چوک پر احتجاجی ریلی نکالی۔مظفرگڑھ میں سول سوسائٹی نے فیاض پارک چوک سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی۔خانیوال کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں میں ملالہ کی صحت کیلئے دعائیہ اجتماعات کا اہتمام کیا گیا۔چیچہ وطنی میں پیپلزپارٹی کے زیراہتمام بھٹو ہائوس میں دعائیہ اجتماع ہوا۔

ملتان میں طالبات نے ایک مظاہرہ کیا۔ملالہ کے شہر مینگورہ اور سوات میں مختلف سکولوں میں قران خوانی کی گئی جن میں ملالہ کے اسکول کی طالبات بھی شامل تھیں۔پشاور کے مختلف اسکولوں ملالہ کی صحت اور سلامتی کیلیے دعائیں مانگی گئیں اور قرآن خوانی بھی ہوئی۔کوئٹہ میں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کی جامع مسجدمیں جمعہ کی نماز کے بعد ملالہ کیلیے اجتماعی دعا مانگی گئی ،سندھ کے تمام شہروں میں ملالہ کے حوالے سے دعائیہ تقاریب ہوئیں۔سندھ حکومت نے آج یوم دعا منانے کا اعلان کیا ہے۔سنی اتحاد کونسل کی اپیل پر ملالہ پر قاتلانہ حملے کیخلاف ملک گیر ''یومِ مذمت '' منایا گیا ۔ صاحبزادہ فضل کریم اور دیگر نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبانائزیشن کی مزاحمت کیلیے قوم کے ہر فرد کو ملالہ جیسی جرأت اپنانا ہو گی ۔مسیحی برادری کی جانب سے بھی مختلف چرچوں میں دعائیہ تقریبات کااہتمام کیاگیا اورشمعیں جلائی گئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں