قومی اسمبلی بلوچستان پر آل پارٹیز کمیشن بنانے تیل کی قیمتیں ماہانہ مقرر کرنیکی قراردادیں منظور

کمیشن میں تمام سیاسی جماعتوں کوشامل کرکے ناراض بلوچ رہنمائوںسے مذاکرات کیے جائیںگے، ایک ماہ میںرپورٹ پیش کرنے پراتفاق


Numainda Express October 13, 2012
کمیشن میں تمام سیاسی جماعتوں کوشامل کرکے ناراض بلوچ رہنمائوںسے مذاکرات کیے جائیںگے، ایک ماہ میںرپورٹ پیش کرنے پراتفاق فوٹو: اے پی پی/ فائل

قومی اسمبلی نے بلوچستان کی صورتحال پرآل پارٹیزکمیشن قائم کرنے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیاد پرکرنے کی قراردادیںمنظورکرلیں۔

ایوان زیریںکا اجلاس ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت ہوا۔قائدحزب اختلاف چوہدری نثار نے نکتہ اعتراض پرکہاکہ ن لیگ بلوچستان کی صورتحال اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بارے میں قراردادیں پیش کرناچاہتی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان کی صورتحال کا جائزہ لینے اور مسئلے کے حل کے لیے غیرجانبداراورموثر کمیٹی تشکیل دی جائے جس میں پارلیمنٹ کے اندر اورباہرکی تمام سیاسی جماعتیں شامل ہوں،آل پارٹیزکمیشن بنانے کی قراردادکا مقصد ایسے کمیشن کی تشکیل ہے جو پہلے سے موجود کمیٹی کے کام میں مداخلت نہیں کرے گا۔

کمیشن ناراض دوستوںکوبات چیت اور الیکشن میں حصہ لینے کے لیے راضی کرے گا، تمام فریقین کو بھی کمیشن کا حصہ بنایا جائے گا جبکہ کمیشن بلوچ رہنمائوں سے رابطے کر کے ایک ماہ میں ایوان میں رپورٹ پیش کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ دوسری قرارداد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتہ وار تبدیلی سے متعلق ہے،ایک ڈکٹیٹر نے الیکشن جیتنے کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 8 ماہ تک اضافہ نہیں کیا توکیا کل یہ حکومت الیکشن میں نہیں جائے گی، ہم ثابت کر چکے ہیں کہ عالمی منڈی سے زیادہ تیل کی قیمت وصول کر رہے ہیں، وزیر پٹرولیم کہہ چکے ہیں کہ لیوی کم کردی جائے تو قیمتیں کم ہو سکتی ہیں، ہم قرادداد میں مطالبہ کرتے ہیں کہ قیمتوں کا تعین ماہانہ اور پیٹرولیم لیوی کا ریویو کیا جائے جس کے بعد زاہد حامد نے دونوں قراردادیں پیش کیںجنھیں متفقہ طور پرمنظور کر لیا گیا ۔

دریں اثنا وفاقی وزیرغلام بلور نے وقفہ سوالات میں بتایا کہ چین سے خریدے گئے صرف18انجن چل رہے ہیں، چین اور امریکا کے علاوہ کوئی ملک انجنوں کی خریداری کے لیے ٹینڈرمیں حصہ نہیں لیتا۔آئی این پی کے مطابق ایم کیوایم کے ارکان نے غلام بلور کے خلاف جارحانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے ان پرسوالوں کی بوچھاڑ کردی، عبدالرشید گوزیل، آصف حسین ، ساجد احمد اوردیگر نے بلور پر تابڑ توڑ حملے کیے اور ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کے خلاف نازیبا الفاظ کہے جنھیں ڈپٹی اسپیکر نے کارروائی سے حذف کروا دیا ، متحدہ کے ارکان کی جانب سے اشتعال دلانے کی کوششوں کے باوجود وزیر ریلوے نے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائستہ انداز میں جوابات دیے۔ادھر ایوان میں پاکستان ڈرگ ریگولیٹری ایجنسی بل 2012 پرقائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کر دی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں