پورا یقین ہے کہ عام انتخابات رواں سال ہی ہوں گے عمران خان

خادم اعلی پنجاب پولیس کے ذریعے لوگوں کی جانیں لیتے ہیں، چیئرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک May 28, 2015
حکمران ترقیاتی فنڈز کی خاطر بلدیاتی انتخابات نہیں ہونے دیتے جس کے ذریعے وہ لوگوں کو خریدتے ہیں ، عمران خان۔ فوٹو:فائل

ISLAMABAD: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ حکمران ترقیاتی فنڈز کی خاطر بلدیاتی انتخابات نہیں ہونے دیتے جس کے ذریعے وہ لوگوں کو خریدتے ہیں جب کہ خادم اعلی پنجاب پولیس کے ذریعے لوگوں کی جانیں لیتے ہیں۔

اسکردو میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے کارڈ سے لوگوں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن عوام سے اپیل ہے کہ وہ بے نظیر کارڈ ضرور لیں لیکن غلط لوگوں کو ووٹ دے کر اپنا نقصان نہ کریں بلکہ سچ اور حق کے لئے کھڑے ہوتے ہوئے نظریئے کو ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے خیبرپختونخوا کو بہت فائدہ ہوگا، آنے والے دنوں میں گلگت بلتستان کے حالات بدلنے والے ہیں اور خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن سے انقلاب آئے گا اور مجھے پورا یقین ہے اسی سال انتخابات ہوں گے۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پولیس کے محکمے میں کوئی سیاست دان سفارش نہیں کرسکتا اور اس میں ایک بھرتی بھی بوگس ثابت نہیں ہوسکتی لیکن دیگر صوبوں کی پولیس سیاسی ہے جب کہ خادم اعلی پنجاب پولیس کے ذریعے لوگوں کی جانیں لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ڈیم بنانے اور سڑکوں کے نظام میں بہتری کے لئے کام کریں گے اور پشاور کی طرح گلت بلتستان میں بھی شوکت خانم اسپتال بنائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں