افغانستان میں فورسز کے آپریشن میں107طالبان جنگجو ہلاک

آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے اوربارودی سرنگوں کے دھماکوں میں 5 افغان فوجی بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے


INP May 29, 2015
افغان انٹیلی جنس نے جنوبی صوبہ زابل سے 5دہشت گردوں کوگرفتارکرنے کادعویٰ کیاہے۔ فوٹو: رائٹرز

افغانستان میں نیشنل سیکیورٹی فورسزکے آپریشن میں 107طالبان جنگجوہلاک اور 34زخمی ہوگئے، لڑائی کے دوران 5افغان فوجی بھی مارے گئے، صوبہ ارزگان میں 37افغان سیکیورٹی اہلکاراسلحے سمیت مقامی طالبان کے ساتھ شامل ہوگئے جبکہ انٹیلی جنس ادارے نے 5 دہشت گردوں کوگرفتار کرکے 570کلوگرام دھماکاخیز مواد، خودکش جیکٹس اوربارودی سرنگیں برآمد کرلیں۔

جمعرات کو افغان میڈیاکے مطابق وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹے کے دوران 8 مختلف صوبوں میں فوجی آپریشن کے دوران 107جنگجوؤں کوہلاک کردیا گیا۔ اس دوران 34عسکریت پسندزخمی بھی ہوئے۔ بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے اوربارودی سرنگوں کے دھماکوں میں 5 افغان فوجی بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے۔

آپریشن صوبہ ہرات، پکتیا، پکتیکا، غزنی، قندھار، بادغیس، بلخ اورقندوز میں کیاگیا۔ اس دوران سیکیورٹی فورسز نے 11جنگجوؤں کوگرفتار بھی کرلیا جبکہ بھاری مقدارمیں بارودی مواداور اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

ادھرصوبہ ارزگان میں افغان سیکیورٹی فورسزکے 37 اہلکار اسلحے سمیت مقامی طالبان کے ساتھ شامل ہوگئے۔ ضلعی گورنر عبدالکریم کریمی نے اس حوالے سے اطلاعات کی تصدیق کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ ان غداروں کی بڑی تعدادطالبان کے ہاتھوں ماری جاچکی ہے۔ کریمی کاکہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسزکے اہلکار گزشتہ 15دن سے طالبان جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپوں میں مصروف ہیں۔ طالبان نے علاقے میں کئی فوجی چوکیوں پرقبضہ کرلیا ہے۔ دوسری جانب افغان انٹیلی جنس نے جنوبی صوبہ زابل سے 5دہشت گردوں کوگرفتارکرنے کادعویٰ کیاہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔