موٹرسائیکل سواروں پر ہیلمٹ کی پابندی

ہیلمٹ کا استعمال جان کی حفاظت کے لیے کیا جاتا ہےلیکن ناقص میٹریل کےباعث یہی ہیلمٹ حادثات کی سنگینی کاموجب بن جاتا ہے


Editorial May 30, 2015
حکومت کا صائب فیصلہ اپنی جگہ لیکن عوام کے تحفظات کا دور کیا جانا بھی ازحد ضروری ہے۔ فوٹو : فائل

حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل سواروں پر ہیلمٹ کے استعمال کی لازمی پابندی کا جو صائب فیصلہ کیا گیا ہے، کراچی میں اس کے اطلاق میں مزید 8 روز کی توسیع کردی گئی ہے۔ اس پابندی کا اطلاق نہ صرف موٹر سائیکل چلانے والے بلکہ ڈبل سواری پر پیچھے بیٹھنے والے شخص پر بھی ہوگا۔

بلاشبہ عوام کو اس فیصلے پر کئی تحفظات ہیں لیکن اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ موٹر سائیکل پر دوران سفر ہیلمٹ کا استعمال آپ کی زندگی کو محفوظ بناتا ہے، کسی بھی ناگہانی حادثے کی صورت نہ صرف زیادہ نقصان سے بچا جاسکتا ہے بلکہ دماغی چوٹ کے باعث معذوری اور جان کا خطرہ بھی لاحق نہیں ہوتا۔ ہیلمٹ کی پابندی کا قانون بین الاقوامی ہے ۔ حکومت کا صائب فیصلہ اپنی جگہ لیکن عوام کے تحفظات کا دور کیا جانا بھی ازحد ضروری ہے۔

اس سلسلے میں اطلاعات ہیں کہ مذکورہ فیصلے کے بعد ہیلمٹ جن کی قیمتیں پہلے ہی زیادہ وصول کی جارہی تھیں اب بلیک میں فروخت ہونا شروع ہوگئے ہیں اور 400 روپے مالیت کا ہیلمٹ 800 سے 1500 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔ بعض موٹر سائیکل کمپنیوں اور برانڈز کے ساتھ نئی موٹر سائیکل کی خریداری پر ہیلمٹ لازمی فراہم کیا جاتا ہے لیکن ہیلمٹ کی کوالٹی اور ناقص میٹریل کی شکایات بھی منظر عام پر آرہی ہیں۔ ہیلمٹ کا استعمال جان کی حفاظت کے لیے کیا جاتا ہے لیکن ناقص میٹریل کے باعث یہی ہیلمٹ حادثات کی سنگینی کا موجب بن جاتا ہے۔

ان کمپنیوں اور فیکٹریوں کے خلاف بھی کارروائی کی اشد ضرورت ہے جو ناقص میٹریل کے ہیلمٹ بازار میں سپلائی کررہی ہیں۔ مذکورہ فیصلے کو انسانی ہمدردی کے تناظر میں بھی دیکھنے کی ضرورت ہے، خواتین اور بزرگوں کو اس فیصلے میں رعایت دینی چاہیے ۔ پاکستان میں ٹریفک قوانین تو پہلے سے موجود ہیں لیکن ان پر عملدرآمد شاذ ہی ہوتا ہے، ٹریفک پولیس کی جانب سے قانون توڑنے والوں سے چشم پوشی اور رشوت کے معاملات بھی زیر بحث آتے رہتے ہیں، خاص کر موٹر سائیکل سواروں سے کاغذات، لائسنس اور ہیلمٹ نہ ہونے پر 50 سے 200 روپے کی ''کمائی''کی شکایات کئی بار میڈیا میں منظر عام پر آئی ہیں، اس بات کو بھی لازمی بنانے کی ضرورت ہے کہ ہیلمٹ پابندی کے مذکورہ فیصلے کو راشی اور مفاد پرست عناصر اپنے حق میں استعمال کر کے اس کی افادیت مشکوک نہ بنائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں