نوازحکومت ہوتی تو پاکستان ایشین ٹائیگر بن چکا ہوتاغوث علی شاہ

مشرف نے ملک کو 50 سال پیچھے دھکیلا ، موجودہ حکومت نے کراچی سے کشمور تک حالات خراب کرکے نفرتیں بڑھائیں

مشرف نے ملک کو 50 سال پیچھے دھکیلا، موجودہ حکومت نے نفرتیں بڑھائیں،جلسے سے خطاب۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدرو سابق وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) سید غوث علی شاہ نے کہا ہے کہ اگر ڈکٹیٹر پرویز مشرف 12 اکتوبر 1999 کو دو تہائی اکثریت رکھنے والی منتخب نواز شریف حکومت پر شب خون نہیں مارتا تو پاکستان ایشین ٹائیگر بن چکا ہوتا۔


مشرف نے ملک کو 50 سال پیچھے دھکیلا ، موجودہ حکومت نے کراچی سے کشمور تک حالات خراب کرکے نفرتیں بڑھائیں ، عوام دشمن دہرے بلدیاتی نظام کے سبب سندھ کے لوگ سراپا احتجاج ہیں ، آج ملک میں حالات انتہائی خراب ہیں اور عدالت عظمیٰ کی حکم عدولی کی جا رہی ہے ۔ وہ جمعے کو مسلم لیگ سیکریٹریٹ ،کارساز میں 12 اکتوبر کے حوالے سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکریٹری سلیم ضیا ، صوبائی سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر ، سیکریٹری خزانہ رانا احسان و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

غوث علی شاہ نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب نواز شریف اس ملک کی باگ دوڑ سنبھالیں گے اور ملک ترقی کی طرف گامزن ہوگا ۔ اس موقع پر سلیم ضیا نے کہا کہ ملک میں چار آنے والے مارشل لائوں نے مجموعی طور پر نقصان پہنچایا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ مشرف نے ملک میں جو آگ لگائی اس کی وجہ سے آج بلوچستان سمیت پورے ملک میں بدامنی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اگر کسی نے آئندہ انتخابات میں دھاندلی کرکے من پسند نتائج حاصل کرنے کی کوشش کی تو لوگ نہ صرف سراپا احتجاج ہوں گے بلکہ سڑکوں پر ہوں گے۔
Load Next Story