بالی ووڈ کے وہ نامور اداکار جنہوں نے فن گلوکاری میں بھی اپنا لوہا منوایا

بالی ووڈ کے کئی نامور اسٹارز نے اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری کے جوہر دکھائے جنہیں شائقین نے بے حد پسند کیا

فوٹو : فائل

بھارتی فلم انڈسٹری میں کئی اداکارجہاں جاندار اداکاری کے حوالے سے اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتے وہاں انہوں نے گلوکاری کے میدان میں بھی اپنا لوہا منواکر ہے اپنے چاہنے والوں کو حیران کردیا۔

امیتابھ بچن



بالی ووڈ کے میگا اسٹار اور بگ بی کے نام سے مشہور امیتابھ بچن اداکاری میں اپنا جواب نہیں رکھتے جب کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنی فلموں میں گانوں کا ٹرینڈ متعارف کرانے میں امیتابھ بچن کا اہم کردار ہے،انہوں نے 27 فلموں کے لیے اپنی آواز میں گانے ریکارڈ کرائے ہیں۔1979 میں دو فلموں ''دی گریٹ گیمبلرزاور''مسٹر نٹورلال''میں امیتابھ نے اپنی آواز میں گیت گائے تو شائقین نے ان کی اداکاری کی طرح ان کی گلوکاری کو کو بھی خوب سراہا۔

فلم"مسٹر نٹور لال" کے گیت "میرے پاس آؤ میرے دوستو ایک قصہ سنو''نے تو امیتابھ کے لیے گیتوں کی لائن لگا دی جب کہ فلم "لاوارث" میں ان کے گیت "میرے انگنے میں تمھارا کیا کام ہے" نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے اور آج بھی یہ گیت ہر جگہ سنا اور گایا جاتا ہے۔انہوں نے فلموں باغبان، کبھی خوشی کبھی غم،سلسلہ ،مہان،پکار،شرابی،طوفان سمیت کئی فلموں میں اپنی گلوکاری کے جوہربھی دکھائے ہیں۔

شاہ رخ خان



بالی وو ڈ کے بادشاہ اور رومانوی ہیروشاہ رخ خان اداکاری کے باعث بھارتی فلم انڈسٹری میں اہم مقام رکھتے ہیں، اداکاری میں نام کمانے والے شاہ رخ خان گلوکاری میں بھی کسی سے کم نہیں ہیں،انہوں نے پہلی بار فلم ''جوش'' میں''اپن بولا تو میری لیلا''گانا گا کر چاہنے والوں سے بھرپور دادحاصل کی ۔ اس کے علاوہ فلم''جب تک ہے جان'' اور ''ہیپی نیو ایئر '' میں بھی اپنی آواز کا جادو جگا چکے ہیں۔

عامر خان



بالی ووڈ کے مسٹر پر فیکشنسٹ عامر خان ہر کردار کو خود میں ڈھالنے کے باعث مشہور ہیں، ہر کردار سے انصاف کرنے والے عامر خان کا اداکاری میں کوئی ثانی نہیں اوروہ اپنی منفرد اداکاری کے باعث بالی ووڈ میں الگ شناخت رکھتے ہیں ۔انہوں نے اداکاری میں نام بنانے کے کے ساتھ ساتھ گلوکاری میں بھی قسمت آزمائی کی، 1998 میں ریلیز ہونے والی فلم ''غلام''میں گیت ''آتی کیا کھنڈا لا''گاکرگلوکاری میں قدم رکھا جسے شائقین نے خوب سراہا اوراس گانے کے بول نوجوانوں میں اتنے مقبول ہوئے کہ زبان زدعام ہوگئے ۔ پھرایک طویل عرصے بعد 2007 میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم ''تارے زمین پر''کا گانا ''بم بم بولے '' گاکرخوب دادسمیٹی۔

سلمان خان



بالی ووڈ کے سلمان خان کو کئی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے پر ''دبنگ''اسٹار کہا جا تاہے،انہوں نے فلم ''ہیلو برادر''کا گیت ''چاند ی کی ڈال پر'' گا کر گلوکاری میں قدم رکھا پھر اس کے بعد فلم''وانٹڈ''،''باڈی گارڈ'' میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا،سلمان خان نے اپنی فلم ''کک'' میں گانا''ہینگ اوور'' گاکر ایک بار پھر گلوکاری کے میدان میں مقبولیت حاصل کی۔

اکشے کمار




بالی ووڈ کے خطروں کے کھلاڑی اکشے کمارکسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں، فلموں میں ایکشن سے بھر پور اداکاری کرنے والے اکشے کمار اداکاری کے بعد گلوکاری میں بھی اپنے فن کامظاہرہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے اپنی فلم ''اسپیشل26'' کے لئے ''مجھ میں تو'' گیت گاکر گلو کاری کے میدان میں قد م رکھاجسے ان کے چاہنے والوں نے بے حدپسند کیا جب کہ بالی ووڈ اسٹار نےفلم''چاندنی چوک ٹوچائنہ''میں بھی گلوکاری کا مظاہرہ کیا۔

ابھیشیک بچن



بالی ووڈ کے اسٹار ابھیشیک بچن اداکاری میں اپنے والد کو تومات نہ دے سکے لیکن گلوکاری کے شعبے میں ضرورانہیں پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔انہوں نے اداکاری کے ساتھ ساتھ فلم ''بلف ماسٹر''میں ''دم مارو دم''گیت گاکرگلوکاری کا آغازکیا اور پھر اس کے بعد فلم''دھوم'' اور''بول بچن'' میں بھی اپنی آواز کا جادوجگایا ۔

سنجے دت



بالی ووڈ کے ایکشن اور کامیڈی اسٹارسنجے دت اداکاری میں اپنانام توخوب کماچکے لیکن یہ جان کر حیرت ہوگی کہ وہ 15 سے زائد فلموں میں اپنی آواز کا جادو بھی جگا چکے ہیں۔ بالی ووڈ کے ''منا بھائی'' نے 1999 میں ریلیز ہونے والی فلم''خوبصورت''میں اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری بھی کی اور ان کا گایا ہوا گیت ''اے شیوانی'' بے حد مقبول ہوا۔ اس کے بعد انہوں نے کامیڈی فلم''منابھائی ایم بی بی ایس''کے لیے 2 گیت گائے جنہیں خوب پسند کیاگیا۔

پریانکاچوپڑا



بالی ووڈ میں جنگلی بلی کے نام سےمشہور اداکارہ پر یانکا چوپڑااداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاربھی ہیں، اداکارہ گلوکاری میں بھی عالمی شہرت رکھتی ہیں جب کہ انہوں نے انگلش گانے گاکرکئی ایوارڈاپنے نام کیے ہیں۔ بالی ووڈاسٹارنے فلم''میری کوم'' میں گیت''چھاؤرو''گاکر اردوگلوکاری کا آغازکیاجسے بے حد پسند کیا گیا

عالیہ بھٹ



بالی ووڈ میں اپنی بیباک اداکاری کے حوالے سے مشہوراداکارہ عالیہ بھٹ نئی نسل میں بھی کافی پذیرائی حاصل کرچکی ہیں۔ فلم ''اسٹوڈنٹ آف دی ایئر '' سے بالی ووڈ کیرئیر کا آغاز کرنے والی عالیہ بھٹ اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری میں بھی اپنا لوہا منواچکی ہیں۔ فلم ''ہائی وے'' کے مشہور گانے ''سوہا سوہا''اور فلم''ہمپٹی شرما کی دلھنیا'' کے ان پلگ ورژن سے ''سمجھاواں ''گیت گا کر ہر طرف اپنی آواز کاجادو چلایا جب کہ شائقین نے ان کی گلوکاری کو بے انتہا پسند کیا۔

شردھا کپور



بالی ووڈ میں فلم''عاشقی2''سے دھماکے دار انٹری دینے والی اداکارہ شردھا کپور بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم جمانے میں کامیاب ہوگئی ہیں جب کہ ان کی دوسری فلم ''اک ولن '' بھی باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہوئی اداکارہ نے رومانوی فلم''اک ولن'' کے گیت''تیری گلیاں''گا کر سب کو اپنی آوازکے سحر میں جکڑلیا ہے۔
Load Next Story