اب رہیں جاسوسی سے محفوظ

پلگ ان ’’بلر‘‘ آپ کی آن لائن پرائیویسی کو بچائے رکھتا ہے

’’بلر‘‘ کو استعمال کرنے کے لیے سائن اپ کی ضرورت ہوتی ہے جو کہ زیادہ مشکل نہیں، فوٹو : فائل

ویب سائٹس آپ کی انٹرنیٹ سرگرمیوں کی اس قدر جاسوسی کرتی ہیں کہ آپ اندازہ نہیں کر سکتے۔ ایک تجربہ کرنے کے لیے کبھی مختلف ایئرلائنز کی ویب سائٹس پر جا کر کسی ملک کی فلائٹ چیک کریں۔

فیس بک پر ضرور آپ کو اسی فلائٹ کی پوسٹ ملے گی، چاہے آپ نے اس ایئرلائن کے پیج کو لائیک ہی نہ کر رکھا ہو۔ یہ تو ایک مثال ہے، فیس بک اور گوگل سمیت ہر ویب سائٹ جتنی ہو سکے آپ کی جاسوسی کرتی ہے۔ آج کے دور میں جب ہم کریڈٹ کارڈز سے ادائیگیاں کرتے ہیں، اپنے بینک اکاؤنٹس کو آن لائن چیک کرتے ہیں۔


ہمیں اپنے براؤزر میں بہترین سیکیوریٹی شامل کرنے کی ضرورت ہے اور اس کام کے لیے بہترین پلگ اِن ''بلر'' (Blur) کی صورت میں دست یاب ہے۔ یہ پلگ اِن پہلے ''ڈو ناٹ ٹریک می'' کے نام سے موجود تھا، لیکن اب اس میں مزید نئے فیچرز شامل کرکے اس کا نام بھی بدل دیا گیا ہے۔

یہ پلگ اِن آپ کے براؤزر میں آپ کی تمام حساس معلومات کو دوسروں کی دسترس سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس کی موجودگی میں کوئی ویب سائٹ آپ کی بینک کی معلومات تو کیا آپ کا ای میل ایڈریس تک نوٹ نہیں کر سکتی۔ اس کے علاوہ تمام ویب سائٹس کو آپ کی انٹرنیٹ کی سرگرمیوں کی بھنک بھی نہیں پڑتی۔ یہ پلگ اِن آپ کو گوگل کے ذریعے محفوظ سرچ کرنے کی سہولت بھی دیتا ہے۔ اس کے علاوہ نیا اکاؤنٹ بناتے وقت آپ کے لیے مشکل پاس ورڈ بنانے میں بھی مدد دیتا ہے۔

''بلر'' کو استعمال کرنے کے لیے سائن اپ کی ضرورت ہوتی ہے جو کہ زیادہ مشکل نہیں۔ اس کی ویب سائٹ پر جا کر رجسٹر کے بٹن پر کلک کریں، انتہائی مختصر سا فارم، جس میں صرف ای میل ایڈریس اور پاس ورڈ ٹائپ کرنا ہے، کے ذریعے آپ سائن اپ مکمل کر سکتے ہیں۔ اکاؤنٹ بنتے ہی اگلے صفحے پر آپ کے براؤزر کے اعتبار سے پلگ اِن کا انسٹالیشن ربط موجود ہو گا۔ ''بلر'' تمام براؤزرز یعنی موزیلا فائر فوکس گوگل کروم انٹرنیٹ ایکسپلورر اور اوپرا وغیرہ لیے دست یاب ہے۔
Load Next Story