سانحہ مستونگ کے خلاف بلوچستان بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال

ہڑتال کےدوران تجارتی مراکز، بازار،پٹرول پمپ، سی این جی اسٹیشنزاورریسٹورنٹ کےعلاوہ سڑک کنارےلگنےوالے ٹھیلے بھی بند رہے۔


ویب ڈیسک May 31, 2015
کوئٹہ کے علاوہ پشین ، قلعہ عبداللہ ، چمن ، قلعہ سیف اللہ ، ژوب ، مسلم باغ ، زیارت ، کچلاک ،مستونگ ، قلات ، خضدار اور دیگر علاقوں میں بھی مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ فوٹو: فائل

سانحہ مستونگ پر بلوچستان میں سرکاری طور پر 3 روزہ سوگ منایا جارہا ہے جب کہ مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں کی اپیل پر صوبے بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی۔

بلوچستان میں سانحہ مستونگ کے خلاف مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں اور تاجر تنظیموں کی اپیل پر ہڑتال کی گئی، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مصروف علاقوں جناح روڈ ، شاہراہ اقبال، لیاقت بازار، زرغون روڈ ، ہزار گنجی ، بروری روڈ اور کانسی روڈ سمیت شہر کے تمام چھوٹے بڑے تجارتی مراکز اور بازار ، پٹرول پمپ، سی این جی اسٹیشنز اور چھوٹے بڑے ریسٹورنٹ کے علاوہ سڑک کنارے لگنے والے ٹھیلے بھی بند رہے۔ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے عوام گھروں میں ہی محصور ہوکر رہ گئے۔ اس موقع پر جے یو آئی (ف) کی جانب سے احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی جس کے شرکا نے واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو فوری گرفتار کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

کوئٹہ کے علاوہ پشین ، قلعہ عبداللہ ، چمن ، قلعہ سیف اللہ ، ژوب ، مسلم باغ ، زیارت ، کچلاک ،مستونگ ، قلات ، خضدار اور دیگر علاقوں میں بھی مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل نامعلوم دہشت گردوں نے پشین سے کراچی جانے والی دو بسوں کو روک کر اس میں سوار 22 افراد کو یرغمال بنانے کے بعد انہیں فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں