بھارتی عزائم ناکام بنانے کی ضرورت

موجودہ حالات میں ضروری ہے کہ بھارتی عزائم پر گہری نظر رکھی جائے، بھارت حالات کو بگاڑنے کی کوشش کر رہا ہے

سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے ضروری ہے کہ حکومت اور اس کے تمام ادارے ایک پیج پر ہوں۔ فوٹو : آئی ایس پی آر

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے بھارتی وزیر دفاع اور وزیر داخلہ کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انھیں خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ گزشتہ روز وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے ان کا استقبال کیا اور انھیں ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ کامیاب انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے جانے والے آپریشنز سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک توڑ دیا گیا ہے۔


وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے بھارتی سیاسی قیادت کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ پاکستان مخالف کسی بھی قسم کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کارروائیوں پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا گیا اور دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بناتے ہوئے پاکستان کو محفوظ اور خوشحال ملک بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ بھارت کے وزیر دفاع منوہر پاریکر نے گزشتہ ہفتے اپنے بیان میں پاکستان کے خلاف دھشت گردی کی کارروائیوں کی دھمکی دی تھی جو بھارت کی خفیہ ایجنسی ''را'' پہلے سے ہی تسلسل کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے اور جن میں چین کے ساتھ پاکستان کے اقتصادی راہداری کے اربوں ڈالر کے منصوبے کے بعد مزید شدت پیدا ہو گئی ہے۔

گزشتہ روز بلوچستان میں جن محنت کشوں کو نہایت بیدردی سے موت کے گھاٹ اتارا گیا ان کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ یہ وہ مظلوم لوگ تھے جو راہداری کے منصوبے پر مزدوری کر رہے تھے اور جن کے بارے میں بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے بر ملا اعلان کیا کہ یہ مذموم کارروائی بھارتی خفیہ ایجنسی را نے کی ہے جس کا مقصد راہداری منصوبے کو سبوتاژ کرنا ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ اس معاملے سے ناراض بلوچوں یا بلوچستان کی کسی دوسری تنظیم کا قطعاً کوئی تعلق نہیں ہے۔ موجودہ حالات میں ضروری ہے کہ بھارتی عزائم پر گہری نظر رکھی جائے' بھارت حالات کو بگاڑنے کی کوشش کر رہا ہے' اس کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے ضروری ہے کہ حکومت اور اس کے تمام ادارے ایک پیج پر ہوں۔
Load Next Story

@media only screen and (min-width: 1024px) { div#google_ads_iframe_\/11952262\/express-sports-story-1_0__container__ { margin-bottom: 15px; } } @media only screen and (max-width: 600px) { .sidebar-social-icons.widget-spacing { display: none; } }