بھارتی فلم انڈسٹری کے دولت مند اداکار

بالی ووڈ کے کئی نامور اداکاروں کا شہرت کے ساتھ ساتھ دولت کمانے میں بھی کوئی ثانی نہیں ہے

 شاہ رخ خان 60 کروڑ ڈالر جب کہ امیتابھ بچن 40 کروڑ ڈالر کے اثاثون کے مالک ہیں فوٹو: فائل

بھارتی فلم انڈسٹری کو دنیا بھر میں ممتاز مقام حاصل ہے اسی لیے بالی ووڈ کی جگمگاتی اور گلیمر سے بھرپور دنیا کے اسٹارزکروڑوں دلوں پر راج کرتے ہیں۔ فلمی دنیا میں دولت اور شہرت حاصل کرنا ہر اداکار کی خواہش ہے اور یہ مقام حاصل کرنے کے لئےاپنا خون پسینہ ایک کرنا پڑتا ہے۔ بھارتی فلم انڈسٹری کے کئی نامور اداکاروں کا شہرت کے ساتھ ساتھ دولت کمانے میں بھی کوئی ثانی نہیں ہے ان پر قسمت ایسی مہربان ہوئی کہ ان میں سے کئی نے دولت کے بیش بہا خزانے جمع کرلیے۔

شاہ رخ خان



بھارتی فلم انڈسٹری کے کنگ اور رومانوی ہیروشاہ رخ خان کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔ بالی ووڈ کے کنگ خان اداکاری اور شہرت کے ساتھ ساتھ دولت کمانے میں بھی سب سے آگے ہیں۔ کنگ خان کی فلمیں باکس آفس پر ریکارڈ بزنس کرتے ہوئے کروڑوں روپے کماتی ہیں جن سے ان کو کافی آمدنی حاصل ہوتی ہے جب کہ وہ انڈین پریمئیرلیگ میں ایک فرنچائز کے مالک ہیں اورایک پروڈکشن ہاؤس بھی ان کی ملکیت میں ہےاس کے علاوہ انہوں نے دنیا بھر میں مختلف کاروبار میں سرمایہ کاری کی ہے۔ شاہ رخ خان کو گزشتہ سال دنیا کا دوسرا امیر ترین اداکار قراردیا گیا جس کے مطابق ان کی دولت کا کل تخمینہ 60 کروڑ ڈالر سے زائد ہے۔

امیتابھ بچن



بالی ووڈ کے میگا اسٹارامیتابھ بچن بھی اداکاری کے ساتھ ساتھ دولت کمانے میں کسی سے کم نہیں ہیں۔بالی ووڈ پر راج کرنے والے امیتابھ بچن نے بھارتی فلم انڈسٹری کوکئی ایک کامیاب فلمیں دیں ہیں۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ انہوں نے ٹی وی پروگرام''کون بنے گا کروڑ پتی '' میں بھی میزبانی کے جوہر دکھائے ہیں۔ بالی ووڈ کے بگ بی کو بھارتی فلم انڈسٹری کے دوسرے امیر ترین ادکار ہیں ،ان کی دولت کا تخمینہ 40 کروڑ ڈالر سے زائد ہے جب کہ انہوں نے دنیابھر میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے جس سے ان کی آمدنی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

سلمان خان




بالی ووڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان کا شمار بھی بالی ووڈ کے امیر ترین اداکاروں میں ہوتا ہے۔ سلمان خان کے بھائیوں نے اپنا پروڈکشن ہاؤس بھی قائم کیا ہواہے جس کے بینرتلے بننے والی فلموں سے بھی انہیں اچھی خاصی آمدنی حاصل ہوتی ہے جب کہ سلو بھائی اشتہارات میں کام کرنے کا معاوضہ 7 کروڑ روپے سے زیادہ طلب کرتے ہیں جس سے انہیں کافی منافع ہوتاہے۔ سلمان خان اپنی آمدنی کا زیادہ ترحصہ فلاحی کاموں میں خرچ کرتے ہیں جب کہ ان کے اثاثوں کا تخمینہ تقریبا 20 کروڑ ڈالر سے زائدہے ۔

عامر خان



بالی ووڈ کے مسٹرپر فیکشنسٹ عامر خان بھارتی فلم انڈسٹری میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔ فلموں میں اپنے کردار سے انصاف کرنے کے حوالے سے مشہور عامر خان دولت اور شہرت میں بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔عامر خان نے اپناذاتی پروڈکشن ہاؤس قائم کررکھا ہے جس کے بینر تلے ان کی فلمیں بنائی جاتی ہیں جب کہ عامر خان فلموں کا سب سے زیادہ معاوضہ طلب کرتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ فلم کے منافع میں بھی حصہ دار ہوتے ہیں۔مسٹر پرفیکٹ بالی ووڈ کےامیر ترین اداکار ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 18 کروڑ ڈالرسے زائد ہے۔

اکشے کمار



بھارتی فلم انڈسٹری کے خطروں کے کھلاڑی اکشے کمار اداکاری کے ساتھ ساتھ پروڈکشن ہاؤس بھی چلارہے ہیں جب کہ ان کا شمار بھی بالی ووڈ کے امیر اداکاروں میں ہوتا ہے۔ بالی ووڈ کو کئی کامیاب بلاک بسٹر فلمیں دینے والے اکشے کمار فلموں کے علاوہ پروڈکشن ہاؤس سے بھی کافی آمدنی حاصل کرتے ہیں اور ان کے اثاثے 10 کروڑڈالر سے زائد ہیں۔
Load Next Story