ٹانک نوشہرہ اورکوہاٹ میں نومنتخب کونسلروں کی جیت کی تقریبات پرفائرنگ 12 افراد جاں بحق اور 30 زخمی

بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کی خوشی میں نو منتخب امیدواروں کے گھروں پرجاری تقریبات پر مخالفین نے فائرنگ کردی


ویب ڈیسک June 01, 2015
خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات ختم ہونے کے بعد بھی قتل وغارت گری کا سلسلہ نہ رک سکا، فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات ختم ہونے کے بعد بھی قتل وغارت گری کا سلسلہ نہ رک سکا جہاں نوشہرہ،کوہاٹ اور ٹانک میں مخالفین کی فائرنگ اور دستی بم حملوں کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور30 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹانک کے علاقے کڑی حیدر میں آزادامیدوار ولی خان کی جیت کی تقریب میں موٹرسائیکل سوارنامعلوم افراد نے دستی بموں سے حملہ کردیا اور فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے،واقعے کے بعد اہل علاقہ نےاپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جن میں سے 4 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

دوسری جانب کوہاٹ کے علاقے سیاب میں نومنتخب کونسلر کے گھر پر کامیابی کی خوشی میں تقریب جاری تھی کہ مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ پولیس نے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

نوشہرہ میں بھی تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے نومنتخب کونسلر کے گھرپرمبارک باد دینے کے لئے آئے افراد پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق جب کہ 15 زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں 10سال بعد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر شدید بے ضابطگیاں اور بدنظمی سامنے آئی تھیں اور گزشتہ روزبھی پشاورسمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 2 بھائیوں سمیت 10 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔