ماہ مئی کے دوران فائرنگ اور بم حملوں میں 111 افراد جاں بحق

مرنے والوں میں محکمہ جیل خانہ جات کے ایس ایس پی، محکمہ پولیس کے 2 ڈی ایس پی اور دیگر اہلکار بھی شامل ہیں

13 مئی کو دہشت گردوں نے گلزار ہجری میں بس پر فائرنگ کرکے اسماعیلی برادری کے 45 افراد کو قتل کیا۔ فوٹو: فائل

ماہ مئی امن و امان کے حوالے سے اہل کراچی پر انتہائی بھاری گزرا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی کچھ خاص محفوظ نہ رہے، دہشت گردوں کی فائرنگ اور بم حملوں میں 111 افراد جاں بحق ہوگئے۔


یکم مئی کو دہشت گردوں نے ڈی ایس پی فتح سانگڑی اور ان کے 2 محافظوں سمیت 5 کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، 2 مئی کو پولیس اہلکار سمیت 3 افراد گولیوں کا نشانہ بنے، 3 مئی کو ایک شخص، 4 مئی کو 2 افراد ، 5مئی کو بھی2 افراد، 6 مئی کو ایک شخص، 7 مئی کو 2 افراد فائرنگ سے ہلاک ہوئے، 8 مئی کو فائرنگ سے ہلاکت کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا، 9 مئی کو ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی سمیت 3 افراد سے جینے کا حق چھین لیا گیا، 10 مئی کو 2 افراد اور 11 مئی کو 4 افراد گولیوں سے بھون دیے گئے، 12 مئی کو اے ایس آئی سمیت 2 افراد ہلاک ہوئے، 13 مئی کی صبح دہشت گردوں نے گلزار ہجری میں بس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اسماعیلی برادری سے تعلق رکھنے والے 45 افراد جاں بحق ہوگئے، مرنے والوں میں خواتین بھی شامل تھیں۔



اسی روز ایک شہری بھی دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ بنا ، 14 مئی کو 2 افراد قتل ہوئے، 15 مئی کو محکمہ جیل خانہ جات کے سینئر سپرنٹنڈنٹ اعجاز حیدر سمیت 2 افراد زندگی سے محروم کردیے گئے، 16 مئی کو 5 افراد کو کھلے عام گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا، 17 مئی کو فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ 18مئی کو سائٹ ایریا میں خاتون سمیت دو افراد کی لاشیں ملی، 19مئی کو ایک شخص ہلاک ہوا، 21 مئی کو 6 افراد، 22 مئی کو 3 افراد، 23 مئی کو 2 افراد، 24 مئی کو 3 افراد، 25 مئی کو 2 افراد، 26 مئی کو 3 افراد سے جینے کا حق چھین لیا گیا، 27 مئی کو عزیز آباد بھنگوریہ گوٹھ میں پولیس موبائل پر فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے جبکہ الگ واقعے میں ایک شہری بھی ہلاک ہوا۔

28 مئی کو شہر میں فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق ہوئے، 29 مئی کو ملزمان کی فائرنگ سے 2 شہری قتل ہوئے، 30 مئی کو ایک شہری جاں بحق ہوا، علاوہ ازیں پولیس ، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے ماہ مئی میں 74 جرائم پیشہ افراد کو مقابلے میں ہلاک کیا، شہر قائد میں لیاری سمیت دیگر علاقوں میں دہشت گردوں نے 10دستی بم اور دو اوان بم حملے کیے جس کے نتیجے میں رکن اسمبلی کا بھائی جاں بحق اور5پولیس اہلکاروں سمیت 20 افراد زخمی ہوئے۔
Load Next Story