پشاورکے 26 پولنگ اسٹیشنزکے نتائج کالعدم قرار

جن پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخابات کرائے جائیں گے ان میں یونین کونسل ہزارخانی، ماشو خیل اورشاہی بالا شامل ہیں۔

پشاور میں بلدیاتی انتخابات کے دوران بعض پولنگ اسٹیشنز پر بدانتظامی دیکھنے میں آئی. فوٹو : فائل

الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے دوران بد انتظامی کے واقعات سامنے آنے پر مجوزہ 26 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کالعدم قرار دے دیئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرکی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کہا گیا کہ پشاورمیں بلدیاتی انتخابات کے دوران بعض پولنگ اسٹیشنز پر بدانتظامی دیکھنے میں آئی جس کے باعث الیکشن کمیشن کو 26 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخابات کرانے کی تجویز دی گئی جسے الیکشن کمیشن نے منظور کرتے ہوئے مجوزہ حلقوں کے نتائج کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ پولنگ کرانے کا اعلان کیا ہے۔


الیکشن کمیشن کی جانب سے جن پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخابات کرائے جائیں گے ان میں یونین کونسل ہزار خانی، ماشو خیل اور شاہی بالا کے علاقے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 30 مئی کو خیبر پختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر متعدد مقامات پر بدانتظامی، ہوائی فائرنگ، لڑائی جھگڑے اور توڑ پھوڑ کے واقعات رونما ہوئے تھے۔

 

Load Next Story