قومی اقتصادی کونسل نے 15 کھرب سے زائد ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی

وزیراعظم نے صوبوں کے لئے 814 ارب اوروفاق کا سالانہ ترقیاتی پروگرام 700 ارب روپے کرنے کی منظوری دے دی۔


ویب ڈیسک June 01, 2015
صحت کے لئے 11 ارب 10 کروڑ اور بہبود آبادی کے لئے 5 ارب 20 کروڑ روپے رکھنے پر اتفاق. فوٹو:فائل

GILGIT: قومی اقتصادی کونسل نے 16-2015 کے لئے 15 کھرب سے زائد ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی جب کہ صوبوں کے لئے 814 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت ہوا جس میں خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے گورنرز سمیت، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزرائے خزانہ سمیت وفاقی وزرا نے شرکت کی۔ اس موقع پراجلاس کو 15-2014 کے دوران ملکی معیشت اور آئندہ مالی سال کے لئے اہداف کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں یکم جولائی سے شروع ہونے والے اگلے مالی سال کے لئے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی گئی جس میں وفاق کا سالانہ ترقیاتی پروگرام 700 ارب روپے کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ آئندہ مالی سال کے لئے زراعت کی شرح پیداوار3.9 فیصد مقررکی گئی ہے جب کہ مالی سال 16-2015 کے لئے مجموعی ترقی کی شرح 5.5 فیصد حاصل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، زرعی ترقی کی شرح 3.9 فیصد، صنعتی ترقی کی شرح 6.4 فیصد، افراط زر کی شرح 6 فیصد،لائیو اسٹاک کی ترقی کی شرح 4.1 کرنے، قومی بچت کی شرح 16.8فیصدکرنے کا ہدف مقرر،مینو فیکچرنگ کے شعبے میں ترقی کا ہدف6.1 فیصد اور فی کس آمدنی کا ہدف 1 لاکھ 67 ہزار 915 کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔

اس موقع پر صوبوں کے مطالبے پر صحت کے لئے 11 ارب 10 کروڑ روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور بہبود آبادی کے لئے 5 ارب 20 کروڑ روپے رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اسی طرح واٹر کورسز کے لئے رواں مالی سال 2 ارب روپے جاری کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

کراچی میں پانی کے منصوبے کے فور کے لئے 2 ارب اور آئندہ مالی سال 50 کروڑ روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو اجلاس کے دوران وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی کے پانی کے منصوبے کے لئے مزید فنڈز کا مطالبہ کیا جس پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شاہ جی آپ فکر نہ کریں ضرورت پڑی تو مزید پیسے بھی جاری کئے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں