خیبرپختونخوا میں ایک ہی روز بلدیاتی انتخابات صوبائی حکومت کی ضد پر کرائے الیکشن کمیشن

چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے بلدیاتی انتخابات میں بد نظمی کا ذمہ دارالیکشن کمیشن کو قرار دیا ہے

انتخابات کے موقع پر امن وامان کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی تھی، ترجمان- فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات پر تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے صوبے بھر میں ایک ہی روز الیکشن کے انعقاد کو صوبائی حکومت کی ضد قراردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ترجمان الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات پر چیرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک کے الزامات پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے صوبے میں مرحلہ وار انتخابات کرانے کی تجویز دی تھی جس کی باقاعدہ دستاویزبھی موجود ہیں جب کہ صوبائی حکومت نے تجویز سے اتفاق نہ کرتے ہوئے ایک ہی دن انتخابات کرانے پر اصرار کیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی ایک ہی دن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی ضد پر الیکشن کرائے گئے اور اس حوالے سے عمران خان اور پرویز خٹک کے بیانات میں کوئی صداقت نہیں۔ ترجمان کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں صوبائی حکومت کے ساتھ 2 اجلاس نومبراور دسمبر2014 میں ہوئے جس میں صوبائی حکومت نے ایک ہی دن میں انتخابی عمل مکمل کرنے کا کہا جب کہ دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی ایک ہی مرحلے میں انتخابات کرانے کے لئے خط لکھا تھا۔


ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جب کہ الیکشن کے روز امن وامان کی ذمہ داری بھی صوبائی حکومت کی تھی تاہم الیکشن کمیشن نے جی ایچ کیو، وزارت داخلہ اور آزاد کشمیر سے اضافی نفری طلب کی تھی۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران پرتشدد واقعات میں 9 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ عمران خان نے بلدیاتی انتخابات میں بد نظمی کا ذمہ دارالیکشن کمیشن کو قرار دیا ہے۔

https://www.dailymotion.com/video/x2sck60_election-commission_news
Load Next Story