رمضان المبارک سے قبل بیت اللہ کو غسل دینے کی روح پرور تقریب

ہرسال رمضان المبارک سے قبل بیت اللہ کو آب زم زم سے غسل دیا جاتا ہے اور اس بار شاہ سلمان نے کعبۃ اللہ کو غسل دیا

حرم مکی کے توسیع منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، شاہ سلمان کی ہدایت فوٹو:العربیہ

رمضان المبارک کی آمد سے قبل خانہ کعبہ کو غسل دینے کی روح پرور تقریب منعقد ہوئی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق رمضان المبارک سے قبل روایتی طور پر کعبۃ اللہ کو غسل دیا جاتا ہے اور اسی سلسلے میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان مکۃ المکرمہ پہنچے تو گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے ان کا استقبال کیا جب کہ ان کے ہمراہ ولی عہد شہزادہ محمد بن نائف بھی موجود تھے۔ اس موقع پر انہوں نے خانہ کعبہ کو آب زم زم سے غسل دیا۔


سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے مسجد الحرام کے توسیعی اور مکہ مکرمہ کے ترقیاتی منصوبے کے حوالے سے بھی حکام سے دریافت کیا اور انہیں مرحوم شاہ عبداللہ کے دور میں شروع کیے گئے توسیع منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے شہزادہ خالد کو ہدایت کی کہ وہ حرم مکی کے توسیعی منصوبے کو ترجیحی بنیاد پر مکمل کرائیں۔

واضح رہے کہ مسجد الحرام کی تعمیر وتوسیع کا بڑا منصوبہ سعودی عرب کے مرحوم فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے دور حکومت میں شروع کیا گیا تھا اور اس منصوبے کے دو مراحل مکمل ہوچکے ہیں جب کہ اس وقت تیسرے مرحلے پر کام جاری ہے۔
Load Next Story