سخت قوانین کے باعث سونے کی درآمدمحدود ہوکررہ گئی

سونے کی درآمدات میں کمی کی بنیادی وجہ پاکستان میں قوت خرید کا کم ہونا بتایا جاتا ہے


Business Reporter June 02, 2015
سونے کی درآمدات میں کمی کی بنیادی وجہ پاکستان میں قوت خرید کا کم ہونا بتایا جاتا ہے۔فوٹو: فائل

سونے کی قانونی درآمد کیلیے سخت طریقہ کار اور ٹیکسوں کی بھرمار کی وجہ سے قانونی ذرائع سے سونے کی درآمد محدود ہوگئی۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10ماہ کے دوران سونے کی درآمد گزشتہ سال کے مقابلے میں 90فیصد تک کم ہوگئی جبکہ سونے کے درآمد شدہ زیورات کی ایکسپورٹ میں بھی 52.24فیصد کمی کا سامنا ہے۔

جیم اینڈ جیولری انڈسٹری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکسوں کی بھرمار اور سونا درآمد کرکے زیورات کی شکل میں ایکسپورٹ کے بعد برآمدی آمدنی اور ویلیو ایڈیشن کی رقم پاکستان لانے پر ٹیکسوں کی بھرمار کی وجہ سے سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ بری طرح متاثر ہورہی ہے، رہی سہی کسر ایف بی آر اور دیگر حکومتی اداروں کی جانب سے سونے کی ایکسپورٹ کے خلاف کی جانے والی تحقیقات نے پوری کردی ہیں اور اب ایکسپورٹرز کسی مشکل سے بچے رہنے کیلیے سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ سے اجتناب کررہے ہیں۔

سونے کی درآمدات میں کمی کی بنیادی وجہ پاکستان میں قوت خرید کا کم ہونا بتایا جاتا ہے۔بیوروشماریات کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی2014سے اپریل2015 کے دوران 1 کروڑ 78 لاکھ 26ہزار ڈالر کا441کلو گرام سونا درآمد کیا گیا جبکہ گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران 17کروڑ30لاکھ43ہزار ڈالر سے 4ہزار179کلو گرام سونا درآمد کیا گیا تھا۔ سونے کی کمرشل امپورٹ پر 2006-07میں1فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کیا گیا۔

اس سے قبل سونے کی درآمد پر 2500روپے کلوامپورٹ ڈیوٹی عائد تھی۔ گزشتہ بجٹ میں ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 1 فیصد سے بڑھا کر 5فیصد کردی گئی جس سے سونے کی کمرشل امپورٹ انتہائی محدود ہوگئی،حکومت کو بھی ریونیو کی وصولی محدود ہوچکی ہے،اسی طرح ایس آر او 760(I)2013 کے تحت سونے کے زیورات کی برآمد سے حاصل زرمبادلہ کا 50فیصد بینکنگ چینل سے واپس لانے کی پابندی عائد کی گئی۔

برآمدی ترسیلات کا 50فیصد بینکنگ چینل سے لانے کی صورت میں1 فیصد انکم ٹیکس، 0.25فیصد ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ سمیت بینک چارجز بھی ادا کرنا پڑتے ہیں جن کی مجموعی شرح 2فیصد بنتی ہے۔ذرائع نے کہا کہ سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ میں منافع کی شرح 2سے 4فیصد ہے اس لیے برآمدی ترسیلات بینکنگ چینل سے لانے کی صورت میں منافع کے مساوی یا 50فیصد منافع ٹیکسوں اور بینک چارجز کی نذر ہوجاتا ہے، مہنگائی اور امن وامان کی ابتر صورتحال بھی سونے کی کھپت میں کمی کا سبب ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں