ناکردہ گناہ معافاحمد شہزادکی ٹیسٹ میں واپسی متوقع

آف اسپنر سعید اجمل کے اس ٹور کیلیے بھی منتخب ہونے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔


Sports Desk June 02, 2015
آف اسپنر سعید اجمل کے اس ٹور کیلیے بھی منتخب ہونے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔ فوٹو؛فائل

اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد کے ناکردہ گناہ معاف ہوگئے، سلیکٹرز ان پر ٹیسٹ فارمیٹس کے دروازے بھی کھولنے پر غور کر رہے ہیں، سری لنکا کیخلاف میچز کی ٹیم میں شامل کیا جائے گا، شعیب ملک اور محمد سمیع کی سینئر فارمیٹ میں واپسی کے حوالے سے فیصلہ نہ ہوسکا،محمد عرفان کو صرف محدود اوورز کے میچز ہی کھلائے جائیں گے، سعید اجمل کے انتخاب کا کوئی امکان نہیں ہے، چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا ہے کہ راحت علی اور احسان عادل کی میڈیکل رپورٹس ملتے ہی اسکواڈ کا اعلان کردیا جائے گا۔

پاکستان کی جانب سے سری لنکا سے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان 48 گھنٹوں میں متوقع ہے جس میں ممکنہ طور پر اوپنر احمد شہزاد کی واپسی ہوگی، انھیں ورلڈ کپ کے بعد ہیڈ کوچ وقار یونس اورمصباح الحق کی رپورٹ پر ٹیم سے باہر کردیا گیا مگر شاہد آفریدی انھیں ٹوئنٹی 20 ٹیم میں شامل کرانے میں کامیاب رہے تھے، انھیں زمبابوے سے سیریز کے ون ڈے اسکواڈ میں رکھا گیا مگر کوئی میچ نہ کھیل سکے،اب احمد شہزاد کو ٹیسٹ اسکواڈ میں بھی شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہاکہ احمد شہزاد 2014 میں ٹیسٹ میچز میں پاکستان کے بہترین بیٹسمین ثابت ہوئے، انھوں نے اپنی آخری اننگز میں نیوزی لینڈ کے خلاف بڑی سنچری سے ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کیا تھا،اب وہ سلیکشن کیلیے کلیئر ہوچکے جہاں تک ڈسپلنری معاملات ہیں ان سے بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ کو نمٹنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سلیکٹرز نے ٹیسٹ اسکواڈ پر بات چیت کی، ہمیں اب فاسٹ بولرز راحت علی اور احسان عادل کے بارے میں میڈیکل پینل کی رپورٹس کا انتظار ہے، مصباح الحق اور یونس خان پہلے ہی نیشنل اکیڈمی میں دیگر نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ میں مصروف ہیں۔

ہارون رشید نے مزید کہا کہ سری لنکا ایک مشکل حریف ہے اس کے باوجود فاسٹ بولر محمد عرفان کو صرف محدود اوورز کے میچزمیں ہی کھلایا جائے گا، سہیل خان کو کمر کی تکلیف سے نجات کیلیے مزید وقت درکار ہے۔

دریں اثنا ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز نے شعیب ملک اور محمد سمیع کی ٹیسٹ میں واپسی پر بھی غور کیا لیکن اس نتیجے پر پہنچے کہ ٹیسٹ ٹیم کافی بہتر جارہی ہے،اس میں فی الحال تجربات کسی صورت بہتر نہیں ہوں گے۔اسی طرح بنگلہ دیش کے خلاف کھیلنے والے نوجوان اوپنر سمیع اسلم کو بھی دورئہ سری لنکا میں سائیڈ لائن ہونا پڑے گا، تیسرے اوپنر کی جگہ کیلیے خرم منظور اور شان مسعودمیں سے کسی ایک کا انتخاب کیا جائے گا۔ آف اسپنر سعید اجمل کے اس ٹور کیلیے بھی منتخب ہونے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں