انڈر20 فٹبال ورلڈ کپ گھانا نے ارجنٹائن کے اوسان خطا کر دیئے

گھانا نے ارجنٹائن کے اوسان خطا کرتے ہوئے3-2 سے فتح کو گلے لگا لیا.

گھانا نے ارجنٹائن کے اوسان خطا کرتے ہوئے3-2 سے فتح کو گلے لگا لیا. فوٹو : اے ایف پی

فیفا انڈر20 ورلڈ کپ میں گھانا نے ارجنٹائن کے اوسان خطا کرتے ہوئے3-2 سے فتح کو گلے لگا لیا.

تفصیلات کے مطابق فیفا انڈر20 ورلڈ کپ میں گھانا نے فیورٹس میں شامل ارجنٹائن کو3-2 سے شکست دے کر سب کو حیران کردیا، 6 مرتبہ کے چیمپئن کو اس شکست نے مشکل میں ڈال دیا، ٹیم کا گروپ میں پناما سے پہلا مقابلہ 2-2 سے برابر رہا تھا، 2 میچز کی تکمیل پر جنوبی امریکی سائیڈ اب تک ایک پوائنٹ حاصل کرپائی ہے۔

گھانا نے ایک مرحلے پر 3-0 کی برتری لے کر ارجنٹائنی ٹیم کو آؤٹ کلاس کر دیا تھا تاہم اس نے فائٹ بیک کرتے ہوئے اختتامی 10 منٹ میں 2 گول داغے، ارجنٹائن کو بھی پہلے راؤنڈ سے اخراج کا خطرہ لاحق ہوگیا،اسے ٹائٹل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلیے گروپ میں آسٹریا سے شیڈول اپنا تیسرا میچ لازمی طور پر جیتنا ہوگا، 2009 کے چیمپئن گھانا کو ہاف ٹائم تک1-0 کی برتری حاصل رہی۔


ابتدائی گول اسٹرائیکر بینجمن ٹیٹا نے بنایا، ارجنٹائنی گول کیپر آگسٹو بٹالا ان کی کک پر گیند کو روکنے میں ناکام رہے، اس کے بعد کلیفورڈ ایبوگیا اور یاؤ یابو نے دوسرے ہاف میں گول بناکر گھانا کی برتری کو 3-0 کردیا، کھیل کے 80ویں منٹ میں ارجنٹائن کے گیوانی سیمون نے اسکور شیٹ پر اپنا نام درج کرایا، اس کے بعد اختتامی منٹ میں ایمالیانو بیونڈیا نے انفرادی کوشش سے گیند کو جال میں پہنچاکر مقابلہ3-2 کردیا، اضافی وقت کے طور پر ملنے والے8 منٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان تناؤ عروج پر رہا مگر کوئی گول نہ بنا۔گروپ 'بی ' کے دوسرے مقابلے میں آسٹریا نے ڈسپلن سے عاری پناما کی ٹیم کو2-1 سے زیر کیا، میچ میں ناکام سائیڈ نے عمدہ شروعات کی۔

فیڈر ایسکوبارنے کھیل کے 38ویں منٹ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے گول بنایا، انھوں نے اپنے ہاف میں گیند کو سنبھالتے ہوئے حریف ٹیم کے دفاعی حصار میں نقب لگائی اور مشن کوپایہ تکمیل تک پہنچاکر ہی دم لیا، پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں آسٹریا کے مارٹن رینسرکی کک پر گیند پناما کے گول کیپر چن ہومیچیا سے ٹکراکر اپنے ہی گول پوسٹ میں چلی گئی،' اون گول ' سے پناما نے ابتدا میں ملنے والی برتری کو کھودیا، آسٹریا کا دوسرا اور فیصلہ کن گول51ویں منٹ میں ویلنٹن گربیک نے ہیڈر پر بنایا، پناما کی ٹیم دوران میچ ڈسپلن سے عاری دکھائی دی۔

ان کے 2 پلیئرز کو میچ کے اختتامی دو منٹ میں میدان بدر کیاگیا، کپتان ہومیچیا دوسرا یلو کارڈ ملنے پر گراؤنڈ سے باہر گئے جبکہ لوئس پریرا کو ڈائیو لگا کر گیند کو ہاتھ سے روکنے کی پاداش میں میدان چھوڑنے کا حکم دیاگیا۔گروپ ' اے ' میں امریکا نے میزبان نیوزی لینڈ پر4-0 سے غلبہ پاتے ہوئے ناک آؤٹ مرحلے میں کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم کا اعزاز پالیا، امریکا نے 2میچز میں مکمل6 پوائنٹس لے کر ناک آؤٹ مرحلے کا ٹکٹ حاصل کرلیا۔

روبیو روبن نے2 مرتبہ گیندکوجال کے سپردکیا جبکہ ایمرسن ہائنڈمین اور پال آریولا نے ایک ایک گول بنایا، گروپ کے دوسرے مقابلے میں یوکرین نے ایونٹ کی تاریخ میں اپنی بڑی فتح حاصل کرتے ہوئے میانمارکو6-0 سے کچل دیا، ڈیبیو کرنے والی میانمار کی ٹیم بری طرح ناکام رہی، میچ کے تمام گول دوسرے ہاف میں بنے۔
Load Next Story