میانمارکے مسلمانوں کی حالت زار پر اقوام متحدہ کی خاموشی شرمناک ہے عمران خان

اقوام متحدہ انسانی حقوق کے حوالے سے ذمہ داریاں پوری کرنے ناکام رہا، چیئرمین تحریک انصاف کا بان کی مون کو خط

آج بھی رنگون کے مسلمان سمندر میں بے یارو مددگار پڑے ہوئے ہیں،خط کا متن،فوٹو فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے روہنگیا مسلمانوں کے معاملے پر اقوام متحدہ کے کردار کو شرمناک قرار دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ بانکی مون کومیانمر کے مسلمانوں کی حالت زار کے حوالے خط میں لکھا ہے کہ وہاں کے مسلمانوں کی حالت زارپرخاموشی شرمناک ہے، اقوام متحدہ انسانی حقوق کے حوالے سے ذمہ داریاں پوری کرنے اورظلم و ستم اورنسل کشی روکنے میں بھی ناکام رہا جہاں آج بھی رنگون کے مسلمان سمندر میں بے یارو مددگا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میانمار میں مخدوش صورتحال کے باعث اب تک ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد بذریعہ سمندر یورپ جارہے ہیں اور کوئی ملک انہیں اپنانے کو تیار نہیں جب کہ 29 مئی 2015 کو ہونے والی آسیان میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ روہنگیا مسلمانوں کی ہر طرح سے مدد کی جائے گی لیکن اس پر اب تک عملدرآمد نہیں ہوا اس لئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل روہنگیا مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ داری پوری کریں۔


سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے روہنگیا مسلمانوں کی مدد کے لئے اپنی فوج کو سمندر میں جانے کے احکامات جاری کئے لیکن پاکستان کی جانب سے اس حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔

Load Next Story