برقی توانائی سے مزاج کو خوشگوار کرنے والا ہیڈ بینڈ تیار

ہیڈ بینڈ آلے سے خاص سگنل خارج ہوتے ہیں جو دماغ کو سکون پہنچا کر توانائی بڑھاتے ہیں


ویب ڈیسک June 03, 2015
بینڈ 5 سے 20 منٹ تک کے دورانیے میں دماغی تناؤ کو دور کرتا ہے، کمپنی، فوٹو:فائل

لاہور: کبھی کبھی آپ کے مزاج جب انتہائی بگڑ جاتے ہیں تو اسے بہتر بنانا بہت مشکل ہوتا ہے لیکن ماہرین نے اب اس کام کو آسان کرنے کے لیے سر پر پہننے والا ایسا بینڈ تیار کیا ہے جو دماغ میں برقی سگنلز کی بوچھاڑ سے آپ کے مزاج کو بہتر بناسکتا ہے۔

امریکی کمپنی کی جانب سے تیارکردہ یہ بیلٹ گردن اور سر پر پہنا جاسکتا ہے اور جب بھی کسی کا موڈ خراب ہو اور اسے اداسی آ گھیرے تو اس بینڈ کے ایک بٹن کو دبانے سے یہ آلہ خاص سگنل خارج کرتا ہے جو دماغ کو سکون پہنچاکر توانائی بڑھاتے ہیں۔

ماہرین نے ابتدائی طور پر 82 رضاکاروں پر 14 منٹ کے لیے اس ہیڈ بینڈ کو آزمایا جو کیمیائی نیوروسنگلنگ کے عمل کے ذریعے اعصاب کو پرسکون بناتا ہے اس تجربے کے بعد97 فی صد افراد نے بقیہ تمام طریقوں کے مقابلے میں اس ایجاد کو بہت مؤثر پایا ہے۔

بینڈ کو ڈیزائن کرنے والے انجینئر کا کہنا ہے کہ ہم دن میں کئی مرتبہ اداسی، تناؤ اور چڑچڑے پن کا شکار ہوجاتے ہیں اور اسے دورکرنے کے لیے یہ ایجاد وہی اثر دکھاتی ہے جو کافی، چائے یا کسی اور سکون آور مشروب سے ہوتا ہے جب کہ بینڈ ذہن پر جو اثرات مرتب کرتا ہے وہ 30 منٹ سے کئی گھنٹے تک رہ سکتے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے یہ بینڈ 5 سے 20 منٹ تک کے دورانیے میں دماغی تناؤ کو دور کرتا ہے، اس کی تیاری میں 3 سال سے زائد کا عرصہ لگا اور اس کی قیمت 300 امریکی ڈالر (30,000 پاکستانی روپے) ہے جب کہ اس میں نصب نظام کھوپڑی کے اندر بجلی کے ہلکے جھماکے بھیجتا ہے جو دماغی اعصاب کو سرگرم کرتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں