دورہ پاکستان کے عوض زمبابوے کی ٹیم پر ڈالروں کی بارش ہوئی رپورٹ

پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو جو رقم ادا کی گئی وہ زمبابوے بورڈ کی رقم سے دگنی ہے، رپورٹ

زمبابوے کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ 2015 کے لیے طے شدہ رقم بھی ادا نہیں کی، رپورٹ، فوٹو:فائل

زمبابوے کرکٹ ٹیم نے جہاں سالوں سے صحرا بنے پاکستان کے میدانوں کو آباد کیا وہیں اس دورے کے عوض ان کھلاڑیوں کو بھی فائدہ ہوا اور ایک رپورٹ کے مطابق زمبابوین کھلاڑیوں پر ڈالروں کی بارش ہوئی اور انہیں دورہ پاکستان کے عوض 5 لاکھ ڈالر معاوضہ دیا گیا۔

کرکٹ سے متعلق ایک معروف ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے ٹیم کو دورے پر انعام کے طور پر زمبابوے کے ہر کھلاڑی کو12 ہزار 500 ڈالر انعام دیا اور اس طرح پوری ٹیم کو مجموعی طور پر 5 لاکھ ڈالر ادا کیے گئے جب کہ معاوضہ پی سی بی اور زمبابوے کے درمیان دورے سے قبل طے شدہ معاہدے کے تحت دیا گیا۔


رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے دی گئی رقم زمبابوے کے کھلاڑیوں کو ان کے ملک میں کنٹریکٹ سے ملنے والی رقم سے 2 گنا زیادہ ہے کیوں کہ ان کھلاڑیوں کو اپنے ملک میں 6 ہزار 500 ڈالر ملتے ہیں جب کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ 2015 کے لیے طے شدہ رقم بھی ادا نہیں کی ہے۔

واضح رہے دورہ پاکستان کے دوران زمبابوے نے 2 ٹی ٹونٹی اور 3 ایک روزہ میچز کھیلے جس میں سے پاکستان نے دونوں سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی۔
Load Next Story