میانداد نے صوبائی باڈیز کے قیام کی تجویز پیش کردی

اختیارات کی تقسیم سے بورڈ پربوجھ میں کمی اور انتظامی امور میں نمایاں بہتری آئے گی، جاوید میانداد

اختیارات کی تقسیم سے بورڈ پربوجھ میں کمی اور انتظامی امور میں نمایاں بہتری آئے گی، جاوید میانداد فوٹو: فائل

جاوید میانداد نے پی سی بی میں صوبائی باڈیز کے قیام کی تجویز پیش کردی، سابق کپتان کا کہنا ہے کہ اختیارات کی تقسیم سے بورڈ پر اضافی بوجھ میں کمی اور انتظامی امور میں نمایاں بہتری آئے گی، ظہیرعباس جیسے سابق کرکٹرز کو علامتی عہدوں کے بجائے بنیادی ذمہ داریاں دی جائیں۔


جاوید میانداد نے ایک انٹرویو میں تجویز پیش کی کہ پی سی بی کے انتظامی امور بہتر بنانے کے لیے صوبائی باڈیز قائم کرکے زیادہ تر اختیارات انھیں تفویض کردیے جائیں،اس سطح کے ہر تنظیمی ڈھانچے کا چیف ایگزیکٹیو کسی سابق کرکٹر جبکہ چیف پیٹرن وزرا اعلی کو بنایا جائے، یوں انٹرنیشنل کرکٹ کے معاملات دیکھنے کے لیے بورڈ میں صرف 10سے 15افراد کی ضرورت اور اسٹاف کا اضافی بوجھ کم کرنے میں بھی مدد ملے گی،انھوں نے کہا کہ پی سی بی کو صرف مال بنانے والی مشین نہیں بلکہ کھیل کے انتظامی امور کو درست سمت میں چلانے والا ایک ادارہ ہونا چاہیے۔

سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کا معیار اس قدر گر چکا کہ اس وقت ٹیم ون ڈے رینکنگ میں نویں نمبر پر ہے،اس کی بڑی وجہ پی سی بی کی باگ ڈور ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں ہونا ہے جو کھیل کا تکنیکی طورپر کوئی شعور نہیں رکھتے،موجودہ سسٹم کے تحت کرکٹ مزید پستی کا شکار ہوتی جائے گی، انھوں نے کہا کہ میں نے آئی سی سی کی صدارت کے لیے نامزدگی پر ظہیرعباس کو مبارکباد پیش کردی لیکن میرے خیال میں اس طرح کے علامتی عہدے کے لیے نجم سیٹھی کا انتخاب کرنا چاہیے تھا، ان کا کرکٹ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں،ایشین بریڈ مین اور ماجد خان جیسے عظیم کھلاڑیوں کو پی سی بی کا سربراہ ہونا چاہیے تاکہ وہ ملک کو نئے کرکٹرز تلاش کرکے دے سکیں،یہاں الٹی گنگا بہہ رہی ہے،نان ٹیکنوکریٹ اس کھیل کے مستقبل کے فیصلے کررہے ہیں۔
Load Next Story