پاکستان سعودی عرب سمیت کسی ملک کو جوہری ہتھیار فراہم نہیں کر رہا سیکریٹری خارجہ

پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کا مقصد ملک کو ’مشرق‘ سے لاحق خطرات سے محفوظ بنانا ہے، اعزاز چوہدری

جوہری پروگرام کے حوالے سے سعودی عرب کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں کی جارہی،اعزاز چوہدری فوٹو: فائل

سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب سمیت کسی بھی ملک کو نہ تو جوہری پروگرام کی سہولت فراہم کررہا ہے اورنہ ہی انہیں جوہری ہتھیار فروخت کررہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں صحافیوں سے باتے کرتے ہوئے اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ اس قسم کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ پاکستان جوہری پروگرام کسی دوسرے ملک کو فروخت یا منتقل کررہا ہے۔ سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا جوہری پروگرام صرف ملکی سلامتی اور دفاعی مقاصد کے لیے ہیں اور ہمارے جوہری پروگرام کا کسی دوسرے ملک سے کوئی تعلق نہیں ہے۔


سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنا جوہری پروگرام نہ سعودی عرب کو فروخت یا منتقل کر رہا ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی بات چیت جاری ہے۔ پاکستان کے جوہری ہتھیار محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور ان کا مقصد ملک کو ''مشرق'' سے لاحق خطرات سے محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جوہری ہتھیاروں کو دہشت گردوں کی پہنچ سے محفوظ رکھے گا۔

عالمی طاقتوں کے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کو سراہتے ہوئے اعزاز احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ سفارتی کامیابی پاکستان کے لیے بھی اقتصادی طور پر مفید ثابت ہو گی اور پاکستان اور ایران کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل ہو سکے گا۔
Load Next Story