آئیفا ایوارڈز کا3روزہ رنگا رنگ میلہ کوالالمپور میں شروع

تقریب کی میزبانی کے فرائض بالی وڈ اسٹار رنویر سنگھ اورارجن کپورادا کررہے ہیں


Qaiser Iftikhar June 06, 2015
تقریب کی میزبانی کے فرائض بالی وڈ اسٹار رنویر سنگھ اورارجن کپورادا کررہے ہیں۔ فوٹو : فائل

QUETTA: آئیفا ایوارڈز کا تین روزہ رنگارنگ میلہ بالی وڈ کے فلمی ستاروں کے جھرمٹ میں ملائیشیا کے شہرکوالالمپورمیں سج گیا۔ ایک طرف بالی وڈ اسٹارز کے چاہنے والے ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ہال کے باہر موجود ہیں تودوسری جانب بہت سے پرستاروں کی اپنے پسندیدہ فنکاروں کے ہمراہ تصویربنوانے اورآٹوگراف لینے کے ساتھ ساتھ ڈانس کرنے کی خواہش بھی پوری ہوگئی۔

تقریب میں جہاں بالی ووڈ کے مہان فنکار، تکنیکارشرکت کے لیے کوالالمپور میں ہیں ، وہیں ملائیشیا سے تعلق رکھنے والی بہت سی اہم شخصیات کوبھی ایوارڈشومیں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ایوارڈ تقریب کی میزبانی کے فرائض بالی وڈ اسٹار رنویر سنگھ اورارجن کپورکررہے ہیں جب کہ بالی وڈ کی معروف اداکارہ سوناکشی سنہا پہلی مرتبہ اپنی آوازمیں گیت سنائیں گی، جب کہ ہریتک روشن امریکا کی طرح ملائیشیا میں بھی اپنے رقص کے جلوے بکھریں گے۔ یہی نہیں شردھاکپور پری نیتی چوپڑا ، بپاشا باسو، ہماقریشی، دیامرزا، رتیش دیش مکھ، بونی کپور سمیت بہت سے بالی وڈ اسٹارزبھی تقریب کوچارچاندلگانے کے لیے وہاں موجود ہونگے۔

اس مرتبہ آئیفاایوارڈز میں سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کرنے والی فلموں میں ہدایتکاروشال بھردواج کی فلم ''حیدر'' اور ''2اسٹیٹس'' شامل ہیں جب کہ بہترین اداکاروں کی دوڑ میں عامر خان فلم ''پی کے''، شاہ رخ خان فلم ''ہیپی نیوائیر'' کے علاوہ دیگرشامل ہیں جب کہ بہترین اداکاراؤں میں کنگنا فلم ''تنوو یڈز منور یٹرنز'' اور پریانکا فلم ''میری کوم'' کے لیے نامزد ہیں۔

بہترین ڈائریکٹر کے لیے راج کمارہیرانی، امتیازعلی، وکاس بہل، ابھیشک ورمن اوروشال بھردواج، سپورٹنگ رول کے لیے نصیرالدین شاہ، کے کے مینن، انعام الحق، رتیش دیش مکھ، رندیپ ہودا اوررونیت روئے، بہترین فلم کے لیے ''حیدر، کوئین، ہائی وے، 2سٹیٹس، پی کے اورمیری کوم ''، نیگیٹورول کے لیے کے کے مینن، نوازدین اوررتیش دیش مکھ، پرفارمنس ان دی لیڈنگ رول میں ہریتک روشن، عامر خان، شاہد کپور، شاہ رخ خان، ارجن کپور اوررندیپ ہودا ، جب کہ بہترین سپورٹنگ رول کے لیے ہماقریشی، لیزا ہائیڈن، تبو، امریتا سنگھ اورجوہی چاولہ شامل ہیں۔ تقریب کو بھارت کے نجی چینل سے آن ائیرکیاجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔