شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی بمباری سے مزید8دہشت گرد ہلاک

دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران متعددخفیہ ٹھکانے تباہ کردیے گئے اوربھاری مقدارمیں اسلحہ بھی برآمدکیا گیا ہے۔


Numaindgan Express June 06, 2015
دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران متعددخفیہ ٹھکانے تباہ کردیے گئے اوربھاری مقدارمیں اسلحہ بھی برآمدکیا گیا ہے۔فوٹو: فائل

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسزکی دہشت گردوں کے خلاف فضائی کارروائیاں جاری ہیں، جیٹ طیاروں کی بمباری سے 8دہشت گردہلاک اور 3زخمی ہوگئے، ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈی ایس پی کلاچی پرریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیاگیا، گاڑی تباہ جبکہ 4گن مین زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کوفورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے شوال اورلدھا میں خفیہ ٹھکانوںمیں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرجیٹ طیاروں کی مددسے شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں 8دہشت گردہلاک اور 3زخمی ہوگئے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران متعددخفیہ ٹھکانے تباہ کردیے گئے اوربھاری مقدارمیں اسلحہ بھی برآمدکیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق زخمی دہشت گردوں کوحراست میں لے لیاگیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان اور لشکراسلام سے ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں ڈی ایس پی کلاچی ظہورالدین اپنی سرکاری گاڑی میں درابن جارہے تھے کہ کلاچی سے 2کلومیٹر دورگرہ مستان روڈکے کنارے دہشت گردوں نے ان کی گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم سے دھماکا کردیا۔ ڈی ایس پی محفوظ رہے۔ زخمی اہلکاروں کوتحصیل ہیڈکوارٹراسپتال کولاچی منتقل کردیا گیاجہاں ان کی حالت خطرے سے باہرہے۔

واقعے کی اطلاع پر پولیس نے علاقے کوگھیرے میں لے کرسرچ آپریشن شروع کردیا۔ ادھر پشاور میں محکمہ انسداددہشت گردی پولیس نے دہشت گرد قاری محمد اسماعیل کوگرفتارکر لیا ہے۔ ملزم ٹانک پولیس کو 2013 میں ہونیوالی دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سرپر 5لاکھ روپے انعام بھی مقرر کیاتھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔