متبادل توانائی کافروغ وقت کی اہم ضرورت ہےحمیداللہ

جامع پالیسیاںتشکیل دیکربجلی کی قلت پر قابو پایاجاسکتاہے،چیئرمین آئی پی او.


APP October 14, 2012
اسلام آباد:چیئرمین آئی پی او پاکستان حمیداللہ جان آفریدی توانائی کے بارے میں سہ روزہ دوسری سالانہ بین الاقوامی نمائش کا افتتاح کررہے ہیں ۔ فوٹو : این این آئی

توانائی کے بارے میں سہ روزہ دوسری سالانہ بین الاقوامی کانفرنس و نمائش اسلام آباد میں شروع ہوگئی۔

کانفرنس ونمائش میں پاکستان کے علاوہ چین، سری لنکا، جاپان اوردیگر ملکوں کے اداروں کی طرف سے اسٹال لگائے گئے ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین آئی پی او پاکستان و رکن قومی اسمبلی حمیداللہ جان آفریدی نے کہاکہ ملک کو درپیش توانائی کے سنگین بحران سے نمٹنے کیلیے متبادل توانائی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، متبادل توانائی کے ذرائع کو ترقی دیکر ہم گھریلو اور صنعتی استعمال کیلیے توانائی کی ضروریات پوری کرسکتے ہیں اوراگرقومی سطح پر اس مسئلے کے حل کیلیے جامع پالیسیاں تشکیل دی جائیں اور دستیاب سہولیات سے استفادہ کیا جائے توباآسانی بجلی کی کمی کے مسئلے پر قابو پایاجاسکتا ہے۔ حمید اللہ جان آفریدی نے کہاکہ توانائی کے بحران کی وجہ سے ہماری زراعت، صنعت، پیداوارسمیت ہر شعبہ متاثر ہورہا ہے۔

اگر ہم شمسی و دیگر توانائی کے متبادل ذرائع استعمال کریں تو اس سے بچت ممکن ہے اور بالخصوص دیہی علاقوں میں بھی آبپاشی اور زراعت کیلیے متبادل انرجی کے استعمال سے پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انھوںنے کہاکہ پاکستان میں مختلف مقامات پر متبادل انرجی کے منصوبوں کے کامیاب نتائج حاصل کیے جارہے ہیں اوراگر اس شعبے میں مزید تحقیق کی جائے تو زیادہ بہتری لائی جاسکتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے متبادل انرجی آلات کی درآمدی ڈیوٹی ختم کرکے اس سیکٹرمیں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔

تاہم اس ضمن میں دیگرحائل رکاوٹیں اورمشکلات دور کرکے صورتحال کو بہتری بنایا جاسکتا ہے۔ قبل ازیں چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی آصف جاہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ آر ای اے پی نے ملک میں متبادل توانائی کے ذرائع کو فروغ دینے اور تجارتی بنیادوں پر شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کیلیے منصوبے اور پروگرام شروع کیے ہیں اور ملک بھرمیں تقریبات ونمائشوں کے ذریعے لوگوں کو توانائی کے متبادل ذرائع سے روشناس کرایا گیا ہے۔ متبادل توانائی کے سی ای او عارف علائو الدین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور توانائی کی ملکی ضروریات اوردستیاب متبادل توانائی کی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔ بعد ازاں حمید اللہ جان آفریدی نے انرجی ایکسپو کاافتتاح کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں