فرنچ اوپن چیمپئن کا تاج سرینا ولیمز کے سر سج گیا

سرینا ولیمز نے تیسری مرتبہ چیمپئن بن کر اپنی گرینڈ سلم ٹرافیزکی تعداد 20 تک پہنچادی

سرینا ولیمز نے تیسری مرتبہ چیمپئن بن کر اپنی گرینڈ سلم ٹرافیزکی تعداد 20 تک پہنچادی فوٹو : اے ایف پی

فرنچ اوپن چیمپئن کا تاج سرینا ولیمز کے سر سج گیا، امریکی اسٹار نے رولینڈ گیروس میں تیسرا ٹائٹل حاصل کرکے اپنی گرینڈ سلم ٹرافیزکی تعداد20 کرلی۔

لوسی سفارووا نے فائنل میں دوسرا سیٹ جیت کر حریف کو پریشان کیا لیکن تیسرے سیٹ میں بازی سرینا کے نام ہوگئی، مینز ٹرافی کیلیے اتوار کو نووک جوکووک اور اسٹینسلس واورنیکا کورٹ میں اتریں گے، جمعے کو خراب موسم کے سبب نامکمل رہ جانے والے سیمی فائنل میں جوکووک نے اینڈی مرے کو ہرادیا۔


تفصیلات کے مطابق فرنچ اوپن میں سرینا ولیمز نے تیسری مرتبہ چیمپئن بن کر اپنی گرینڈ سلم ٹرافیزکی تعداد 20 تک پہنچادی،اوپن ایرا میں اسٹیفی گراف کے 22 ٹائٹلز کاریکارڈ اب ان کے مزید قریب ہوگیا، گذشتہ روز ابتدائی سیٹ 6-3 سے جیتنے والی سرینا کو دوسرے سیٹ میں لوسی سفارووا نے7-6(7/2) سے ہرا دیا،مگر تیسرے میں نتیجہ حسب توقع6-2 سے سریناکے حق میں برآمد ہوا، لوسی نے بغیر کوئی سیٹ ڈراپ کیے فائنل تک رسائی پائی تھی، وہ پیر کو جاری ہونے والی نئی ویمنز رینکنگ میں ٹاپ ٹین میں ڈیبیو کریں گیْ

ان کی ممکنہ پوزیشن 7 ہوگی، دوسری جانب نووک جوکووک نے خراب موسم کے سبب ہفتے تک موخر ہونے والے مینز سنگلز سیمی فائنل میں برطانوی حریف اینڈی مرے کو پچھاڑدیا، وہ تیسری مرتبہ فرنچ اوپن کے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے، ابتدائی 2 سیٹ 6-3،6-3 سے جوکووک کے نام رہے جبکہ تیسرے اور چوتھے سیٹ میں اینڈی مرے نے 7-5،7-5 کے یکساں مارجن سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقابلہ برابر کیا، پانچویں اور فیصلہ سیٹ میں بازی یکطرفہ طور پر 6-1 سے جوکووک کے نام رہیْ

ٹرافی کیلیے اتوار کو ان کا مقابلہ سوئس پلیئر اسٹینسلس واورنیکا سے ہوگا، جمعے کو طوفان کی اطلاع اور کم روشنی کے سبب موخر کیے جانے والے مقابلے میں چوتھے سیٹ میں دونوں پلیئرز نے 3،3 گیمز جیتے تھے، اینڈی مرے تیسری مرتبہ فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں شکست کا شکارہوئے ہیں۔
Load Next Story