جونیئر کی ترقی پر عدالت کا چیف سیکریٹری کو نوٹس جاری

رخصت ہوتے میونسپل کمشنر حیدرآباد نے جونیئر افسر کو18گریڈ پر جوائننگ دے دی.


Numainda Express October 14, 2012
متاثرہ افسر سندھ ہائی کورٹ پہنچ گیا، غیر قانونی احکامات منسوخ کرنے کی استدعا

کالعدم بلدیہ اعلی حیدرآباد میں مئی سے اکتوبر تک غیر قانونی طور پر میونسپل کمشنر کے عہدے پر

فائز سرکاری افسر نے جاتے جاتے بھی جونیئر افسر کو18گریڈ کے افسر کی حیثیت سے جوائننگ دے دی جس کیخلاف18 گریڈ حاصل کر کے3 سال سے کنفرمیشن کے انتظار میں بیٹھے ڈپٹی تعلقہ آفیسر اور ڈائریکٹر صحت نے سندھ ہائی کورٹ اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے الگ الگ رجوع کر لیا۔ سندھ ہائی کورٹ جانے والے ظفر بیگ مغل نے اپنی پٹیشن میں موقف اختیار کیا ہے کہ اس سے 12 سال جونیئر اقبال شیخ کو گریڈ 18 میں پروموشن دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر لطیف آباد میں پوسٹنگ دینے کی ہدایت بھی کر دی گئی۔

جس پر مئی میں ٹرانسفر ہو جانے کے باوجود کالعدم بلدیہ اعلی حیدرآباد میں میونسپل کمشنر کی سیٹ پر5 ماہ تک بیٹھے رہنے والے آفیسر اظہر قادر میمن نے فوری طور پر اقبال شیخ کی جوائننگ کرا دی۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ اقبال شیخ کا گریڈ 17 بھی ظفر بیگ مغل سے 12 سال جونیئر ہے اور ٹی ایم اے لطیف آباد کی فائنل سینیارٹی لسٹ میں درخواست گزار کا نام فہرست میں نمبر ون پر ہے لیکن کرپشن، اختیارات سے تجاوز، بے ضابطی اور میرٹ کے کھلے عام قتل کے لیے غیر قانونی آرڈر جاری کر دیا گیا جس کے خلاف عدالت انصاف فراہم کرے۔

درخواست میں یہ بھی موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اقبال شیخ نے جس وقت اپنی پوسٹ کو اپ گرڈ کرانے کا آرڈر حاصل کیا اس وقت حکومت سندھ نے اپ گریڈیشن کی جانب سے پابندی عائدکر رکھی تھی اس لیے اقبال شیخ کی ترقی کے غیر قانونی احکامات منسوخ کیے جائیں۔ عدالت عالیہ نے چیف سیکریٹری سندھ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، ایڈمنسٹریٹر حیدرآباد میونسپل کارپویشن و دیگر کے نام نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست کی سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔ دوسری جانب اقبال شیخ کی ترقی کیخلاف ڈائریکٹر صحت ٹائون لطیف آباد عقیل احمد خانزادہ نے بھی سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو ایک درخواست دی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ جونیئر آفیسر کو ترقی دے کر ان کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے۔ اقبال شیخ سے جب ان کا موقف معلوم کرنیکی کوشش کی گئی تو بتایاگیا کہ وہ حج کی سعادت کیلیے سعودی عرب گئے ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں