موجودہ حکومت امریکی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اسد بھٹو

گستاخانہ فلم کیخلاف سرد مہری کا مظاہرہ کیا گیا، جماعت اسلامی ملک میں تبدیلی چاہتی ہے

جماعت اسلامی سندھ کے امیر اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت امریکی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔


گستاخانہ فلم کیخلاف حکومت نے سردمہری کا مظاہرہ کیا، جماعت اسلامی ملک میں تبدیلی چاہتی ہے ۔ یہ بات انہوں نے ڈگری میں تحفظ ناموس رسالتؐ ریلی سے خطاب کے بعد مقامی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر شباب ملی کے عظیم بلوچ، جماعت اسلامی کے ڈاکٹر شمشاد احمد، یاسین گجر، رائو عقیل احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ ہم دہرے بلدیاتی نظام کو سندھ کے خلاف سازش سمجھتے ہیں۔

حکمران اپنے اقتدار کو طول دینے کی خاطر عوام کو آپس میں لڑوا رہے ہیں اور خود کرپشن کے ذریعے اپنا بینک بیلنس بڑھا رہے ہیں، جماعت اسلامی ملک میں تبدیلی چاہتی ہے اور تبدیلی کے صرف تین نشان ہیں جن پر عمل کرکے ملک کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنایا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ نے کہا کہ ہم گستاخانہ فلم کے ڈائریکٹر کے خلاف احتجاج کرتے رہیں گے۔ پاکستانی عوام اپنے رسولؐ سے تعلق نہیں توڑ سکتی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکا پر دبائو ڈالے کہ گستاخانہ فلم پر پابندی لگا کر فلمساز کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔
Load Next Story