ترکی کے پارلیمانی انتخابات میں حکمران جماعت کو سبقت حاصل

غیر حتمی نتائج کے مطابق صدر رجب طیب اردگان کی جماعت جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ پارٹی نے 42.1 فیصد ووٹ حاصل کئے ہیں

ترکی کے عام انتخابات میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 5 کروڑ 37 لاکھ سے زائد تھی فائل تصویر

ISLAMABAD:
ترکی کے 25 ویں پارلیمانی انتخابات میں اب تک کے غیر حتمی نتائج میں حکمران جماعت کو سبقت حاصل ہے۔

غیر حتمی اورغیرسرکاری نتائج کے مطابق حکمران جماعت جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ پارٹی نے 42.1 فیصد ووٹ حاصل کئے ہیں جبکہ عوامی جمہوری پارٹی 24.85 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہے،مجموعی طور پر 5 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا جبکہ حتمی نتائج کا اعلان جلد متوقع ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق ملک بھر میں ووٹنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہا، ترکی کے 81 صوبوں میں پارلیمنٹ کی 550 نشستوں پر 20 سیاسی جماعتوں کے علاوہ 165 آزاد امیدوار میدان میں تھے جبکہ رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 5 کروڑ 37 لاکھ سے زائد تھی۔ گذشتہ عام انتخابات میں 4 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ یعنی تقریباً 85 فی صد لوگوں نے حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔


واضح رہے کہ آئین میں ترامیم کے لئے حکمران جماعت کو کم از کم 330 نشستیں درکار ہیں تاکہ نئی حکومت کو موجودہ صدر کو زیادہ سے زیادہ اختیارات تفویض کرنے کے لئےعوامی ریفرنڈم کا حق مل سکے۔ملک کے آئین کے تحت پارلیمنٹ میں نمائندگی کے لیے ہر جماعت کو پورے ملک میں ڈالے گئے ووٹوں کا کم از کم 10 فیصد حاصل کرنا لازمی ہے ورنہ اُن کی حاصل کردہ نشستیں دوسری بڑی جماعتوں میں تقسیم کردی جاتی ہیں۔ اس سلسلے میں تمام تر توجہ کا محور ملک میں پہلی مرتبہ پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے والی جماعت 'پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (ایچ ڈی پی) بنی ہوئی ہے۔

 

۔

۔
Load Next Story