منڈی بہاؤالدین کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ نے تحریک انصاف کو پچھاڑ دیا

(ن) لیگ کے امیدوارممتاز احمد تارڑ نے70884 جبکہ تحریک انصاف کے امیدوارمحمد طارق تارڑ نے40570 ووٹ حاصل کیے،غیرحتمی نتیجہ

کئی پولنگ اسٹیشنز پر تحریک انصاف اور (ن) لیگ کے کارکنان آمنے سامنے بھی آگئے، فوٹو:فائل

قومی اسمبلی کی نشست این اے 108 منڈی بہاالدین کے ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق (ن) لیگ کے امیدوار ممتاز احمد تارڑ نے تحریک انصاف کے امیدوار محمد طارق تارڑ کو شکست دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کی نشست این اے 108 میں پولنگ کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ممتاز تارڑ 70 ہزار 884 ووٹ لے کرکامیاب قرار پائے جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار طارق تاڑ 40 ہزار 570 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

منڈی بہاؤالدین میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 108 کے لئے ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہا جب کہ کئی پولنگ اسٹیشنز پر تحریک انصاف اور (ن) لیگ کے کارکنان آمنے سامنے آگئے اورپولنگ اسٹیشن نمبر80 گاؤں رکھ بلوچ میں پی ٹی آئی اور(ن) لیگی کارکنوں کے درمیان تصادم بھی ہوا اور فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے، کشیدہ صورت حال کے بعد رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اورعلاقے کا کنٹرول سنبھال لیا۔


https://www.dailymotion.com/video/x2t5zml_imran-kahn_news

این اے 108 کے ضمنی انتخاب میں 4 لاکھ 31 ہزار269 رجسٹرد ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جن کے لئے حلقے میں 1950 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے، اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے، پولیس کے 2 ہزار اہلکاروں کے ساتھ حلقے میں حساس قرار دیئے گئے پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز کے جوان بھی تعینات رہے۔

واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں منڈی بہاؤالدین سے اعجاز احمد چوہدری کامیاب قرار پائے تھے لیکن (ن) لیگ کے امیدوار کی جانب سے دائر درخواست پر انہیں نااہل قراردے دیا گیا تھا۔

https://www.dailymotion.com/video/edit/x2t7fh3_mandibahauddin_news
Load Next Story