بڑے ایونٹس بنگلہ دیش کی براہ راست شرکت پر سوالیہ نشان ثبت

ون ڈے انٹرنیشنل میں ٹائیگرز اب تک 262 مقابلوں میں 72 فتوحات ہی حاصل کرپائے


Sports Desk October 14, 2012
پانچ روزہ کرکٹ میں بنگلہ دیشی ٹیم اب تک 73 میچز میں سے محض 3 میں فتحیاب ہوئی۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی ناقص پرفارمنس نے ان کی مستقبل کے آئی سی سی ایونٹس میں براہ راست شرکت پر سوالیہ نشان ثبت کردیا۔

ایک جائزے میں سوال اٹھایاگیاکہ 12 برس قبل ٹیسٹ ممالک کی صف میں شامل کیے جانے والے ٹائیگرز کیا اپنی اب تک کی کارکردگی سے کونسل کے بڑے ایونٹس میں براہ راست رسائی کے اہل ہیں یا نہیں؟ انھوں نے ملنے والی مراعات کے برعکس بہت کم نتائج دیے ہیں، پانچ روزہ کرکٹ میں بنگلہ دیشی ٹیم اب تک 73 میچز میں سے محض 3 میں فتحیاب ہوئی، اس میں سے بھی ایک کامیابی زمبابوے اور 2 ویسٹ انڈیز کیخلاف ملیں، واضح رہے کہ کیریبیئنز نے بعض مسائل کے سبب ٹائیگرز کیخلاف ہوم سیریز میں سیکنڈ الیون کو میدان میں اتارا تھا،63 ٹیسٹ ناکامیاں بنگلہ دیشی ریکارڈ بک کا حصہ بنی ہوئی ہیں۔

اسی طرح ون ڈے انٹرنیشنل میں وہ اب تک 262 مقابلوں میں 72 فتوحات حاصل کرپائے ہیں،52 میں سب سے زیادہ 30 کامیابیاں اسے زمبابوے کیخلاف ملی ہیں، ایسوسی ایٹ ممالک کینیا سے ٹیم 8، آئرلینڈ سے 5، اسکاٹ لینڈ سے 3 ، برمودا سے 2، ہانگ کانگ، کینیڈا ، نیدرلینڈز اور یواے ای سے ایک ایک مقابلہ جیت پائی ہے۔ ٹی 20 فارمیٹس میں بنگلہ دیشی ٹیم اب تک 26 گیمز میں 8 مرتبہ فاتح رہی ،اس میں بھی 5 نان ٹیسٹ پلیئنگ اقوام کیخلاف ہیں، دوسری جانب آئی سی سی ایونٹس میں ٹائیگرز کی پرفارمنس کا جائزہ لیا جائے تو وہ ابھی تک 2007 کے ون ڈے اور اسی برس منعقدہ ٹی 20 ورلڈ کپس کے دوسرے رائونڈ تک رسائی پانے میں کامیاب رہی، تجزیے میں سوال اٹھایاگیا ہے کہ کیا یہ اعداد وشمار بنگلہ دیش کو ملنے والی سہولت کے ساتھ انصاف کرتے ہیں، اس کے برعکس آئرلینڈ نے بھی ون ڈے ورلڈ کپ 2007 اور2009 کے ٹی20 میں پہلا مرحلہ عبورکرلیا،اسی طرح کینیا نے بھی ورلڈ کپ 2003 کے سیمی فائنلز میں جگہ بناکر سب کو حیران کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔