ٹینس رینکنگ نڈال کی ایک دہائی میں کمترین10ویں نمبر پر تنزلی

اسٹینسلس واورنیکا نے 5 درجے ترقی سے چوتھی پوزیشن پر قبضہ جمالیا


AFP/Sports Desk June 09, 2015
اسٹینسلس واورنیکا نے 5 درجے ترقی سے چوتھی پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

فرنچ اوپن چیمپئن اسٹینسلس واورنیکا نے نئی ٹینس رینکنگ میں5 درجے ترقی سے چوتھی پوزیشن پر قبضہ جمالیا، ابتدائی تین نمبرز پر بدستور نووک جوکووک، راجرفیڈرر اور اینڈی مرے براجمان ہیں،رافیل نڈال 3 درجے تنزلی ہونے سے ایک دہائی میں کیریئر کی کمترین10ویں پوزیشن پر چلے گئے، ویمنز سنگلز میں کیریئر کی بہترین پرفارمنس سے فرنچ اوپن فائنل تک پہنچنے والی لوسی سفارووا نے نئی رینکنگ میں پہلی بار ٹاپ 10 میں جگہ بنالی۔

وہ ایک ہی جست میں6 درجے کی چھلانگ لگاکرساتویں درجے پرفائزہوگئیں، سرینا ولیمز نے نمبرون پوزیشن کو مستحکم کرلیا، ومبلڈن چیمپئن پیٹراکیوٹوا نے ماریا شراپووا سے دوسری پوزیشن چھین لی، روسی ساحرہ2 درجے تنزلی ہونے سے چوتھے نمبر پر چلی گئیں۔تفصیلات کے مطابق پیر کو جاری شدہ عالمی مینز ٹینس رینکنگ میں نئے فرنچ اوپن چیمپئن اسٹینسلس واورنیکا نے5 درجے ترقی ملنے پر چوتھی پوزیشن پر قبضہ جمالیا، ابتدائی تین نمبرز پر بدستور نووک جوکووک، راجرفیڈرر اور اینڈی مرے براجمان ہیں، رولینڈ گیروس ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں جوکووک کے ہاتھوں ناکامی کا داغ پانے والے رافیل نڈال3 درجے تنزلی ہونے پر10ویں درجے پر چلے گئے، یہ گذشتہ ایک دہائی میں ان کی کمترین رینکنگ ہے۔

جاپانی اسٹار کائی نیشکوری بدستور پانچویں نمبر پر ہیں، جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ2 درجے تنزلی سے چھٹی پوزیشن پر چلے گئے، ڈیوڈ فیررکو ایک درجے بہتری نے7واں نمبر دلا دیا، میلوس رائونک 2 قدم پیچھے ہٹ کر آٹھویں پوزیشن پر چلے گئے، اکھاڑ پچھاڑ کے نتیجے میں کروشین مارن کلک ایک درجے بہتری سے نویں نمبر پر فائز ہوگئے، رافیل نڈال تین درجے تنزلی سے ٹاپ 10 کے آخری ممبر بنے، بلغاریہ کے گریگور دیمیتروف بدستور 11ویں نمبر پر ہیں، جوئے ولفریڈ سونگا ترقی کے 3 زینے طے کرنے سے12ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

جائلز سیمون نے 13 ویں پوزیشن برقرار رکھی، فلکیانو لوپز 2 درجے تنزلی سے 14 جبکہ ڈیوڈ گوفن 3 درجے بہتری سے15ویں نمبر پر آگئے،گیل مونفلز بھی2قدم پیچھے ہٹ کر16ویں نمبر پر چلے گئے، جنوبی افریقی پلیئر کیون اینڈرسن 17ویں نمبر پر موجود رہے، جون اسنر 18ویں نمبر پر ہیں، انھیں2درجے تنزلی کا سامنا رہا، ٹومی روبریڈو نے ایک درجے تنزلی سے20ویں پوزیشن پائی۔دوسری جانب کیریئر کی بہترین پرفارمنس سے فرنچ اوپن ویمنز فائنل تک پہنچنے والی لوسی سفارووا نے نئی رینکنگ میں پہلی بار ٹاپ 10 میں جگہ بنالی۔

وہ ایک ہی جست میں6 درجے کی چھلانگ لگاکرساتویں پوزیشن پر فائزہوگئیں،33 سالہ امریکی اسٹارسرینا ولیمزنے کیریئرکا 20 واں گرینڈ سلم جیت کر نمبرون پوزیشن کو مستحکم کرلیا، ومبلڈن چیمپئن پیٹرا کیوٹوا نے2 درجے ترقی پاتے ہوئے ماریا شراپووا سے دوسری پوزیشن چھین لی، روسی اسٹار 2 درجے تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلی گئیں، رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے تیسری پوزیشن پر قدم مضبوطی سے جمائے رکھے، ڈینش پلیئر کیرولین ووزینسکی نے بھی پانچواں نمبربرقرار رکھا، سربیا کی اینا ایوانووک ترقی کا ایک زینہ طے کرتے ہوئے چھٹی پوزیشن پر براجمان ہوگئیں۔

لوسی سفارووا 6 درجے کی بہتری ملنے سے ساتویں نمبر پر پہنچ گئیں، روس کی ایکٹرینا ماکارووا نے کارلا سواریز نیوارو کو پیچھے دھکیلتے ہوئے آٹھویں پوزیشن ہتھیالی، سواریز ایک درجے تنزلی سے نویں نمبر پر چلی گئیں، جرمنی کی اینجلیک کیربر ایک قدم آگے بڑھ کر ٹاپ 10کی آخری شریک بنیں، کینیڈا کی یوجینی بوچارڈ کو ناقص کھیل کا خمیازہ 5 درجے تنزلی کی صورت میں بھگتنا پڑا، وہ 11 نمبر پر چلی گئی ہیں، جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا 12ویں درجے پر ہیں، پولش اسٹار اگنیسکا ریڈوانسکا ایک درجے بہتری سے13ویں نمبر پر آگئیں۔

جرمنی کی آندریا پیٹکووک 4 قدم پیچھے ہٹ کر 14ویں درجے پر چلی گئیں، سوئس پلیئر ٹیمیا بیزنسکی نے بھی غیرمعمولی پرفارمنس سے فرنچ اوپن کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی، عالمی رینکنگ میں انھیں 9 درجے ترقی نے15ویں پوزیشن کا حقدار بنا دیا، وینس ولیمز ایک قدم پیچھے ہٹ کر 16ویں نمبر پر چلی گئیں،روسی پلیئر الینا سویٹولینا نے ترقی کے 4 زینے طے کرتے ہوئے 17ویں پوزیشن حاصل کرلی، امریکی پلیئر میڈیسن کیز 2 درجے تنزلی سے18 جبکہ سبائن لیسکی نے 19ویں پوزیشن قائم رکھی، اطالوی کھلاڑی سارا ایرانی3 درجے تنزلی کے باوجود 20ویں نمبر پر موجود ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔