ورلڈ کپ فٹبال کوالیفائر ارجنٹائن نے یورو گوئے کو مات دے دی

یوروگوئے کیخلاف ارجنٹائن کے میسی نے شاندار کھیل پیش کیا


Sports Desk/AFP October 14, 2012
بارسلونا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے 2 مرتبہ گیند کوجال کی راہ دکھائی. فوٹو: فائل

ورلڈ کپ2014کوالیفائر میں ارجنٹائن نے یوروگوئے کو3-0 سے مات دیدی۔

بارسلونا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے 2 مرتبہ گیند کوجال کی راہ دکھائی، اس کامیابی کی بدولت سابق ورلڈ چیمپئن ارجنٹائن نے دو برس بعد برازیل میں شیڈول میگا ایونٹ میں رسائی کا سفر جاری رکھا،ٹیم نے 8 میچز میں 17 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ہوئی ہے۔ کوالیفائنگ مقابلوں کا یہ سلسلہ آئندہ برس 15اکتوبر تک جاری رہے گا،یورپ میں جرمنی نے آئرلینڈ کو6-1، اٹلی نے آرمینیا کو3-1 جبکہ انگلینڈ نے سان مرینو کو5-0 سے قابو کیا۔ تفصیلات کے مطابق یوروگوئے کیخلاف ارجنٹائن کے میسی نے شاندار کھیل پیش کیا۔

انھوں نے دو گول کرکے ایونٹ میں اپنے مجموعی گولز کی تعداد 12 کرلی، ارجنٹائنی کپتان کومیچ میں یوروگوئے کا مضبوط دفاع توڑنے میں 66 منٹ لگے، انکا دوسر ا اور ٹیم کا تیسرا گول اختتام سے 8 منٹ قبل اینجل ڈی ماریا کے عمدہ کراس پر بنا،دوسرا گول 75ویں منٹ میں مانچسٹرسٹی کے سرجیو اگیورو نے کیا، منگل کو دوسرے کوالیفائر میں ارجنٹائن کی ٹیم کا سامنا چلی سے ہوگا۔کولمبیا نے اپنے ہوم گرائونڈ پر پیراگوئے کیخلاف2-0 سے کامیابی کی بدولت پوائنٹس کی تعداد16کرلی،دونوںگول ایتھلیٹکو میڈرڈ کے اسٹرائیکر ریڈامیل فالکائو نے داغے،کولمبین ٹیم اس سے قبل اپنے دو میچزمیں یوروگوئے کو 4-0 اور چلی کو 3-1 سے شکست دے چکی ہے۔مسلسل پانچ شکستوں نے پیراگوئے کو پوائنٹس ٹیبل کی اختتامی پوزیشن پر دھکیل دیا،ایکواڈور نے چلی کو 3-1 سے مات دے کر میگا ایونٹ کی جانب پیشقدمی کی،فلپ کیاسیڈو نے2 جبکہ سینگڈو کیسٹالو نے ایک گول بنایا۔

حریف ٹیم کا واحد گول ایکواڈور کے جون کارلوس پیراڈیز نے اون گول کی صورت میںکیا،دوران میچ فائول پلے پر چلی کے دو پلیئرز کو ریڈ کارڈ دکھائے گئے، کھیل کے 54ویں منٹ میں پبلو کونٹاریز اور پھر86ویں منٹ میں آرٹورا ویڈال کو میدان بدر کیاگیا۔بولیویا اور پیرو کی معرکہ آرائی1-1سے اختتام کو پہنچی۔یورپی کوالیفائنگ کے گروپ ' اے ' میں بیلجیئم نے سربیا کو 3-0 سے ہرایا،کروشیا نے مقدونیہ پر 2-1 سے غلبہ پایا جبکہ ویلز نے اسکاٹ لینڈ کو2-1 سے مات دی۔گروپ 'بی ' میں جمہوریہ چیک نے مالٹا جبکہ اٹلی نے آرمینیا کو 3-1 کے یکساں مارجن سے زیر کیا جبکہ بلغاریہ اور ڈنمارک کا مقابلہ 1-1 سے برابر ہوگیا۔

گروپ ' سی ' میں جرمنی نے آئرلینڈ کو 6-1 سے ٹھکانے لگایا،سوئیڈن نے فوریس آئی لینڈ کو 2-1 سے قابو کیا، آسٹریا اور قازقستان کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ گروپ ' ڈی ' میں ترکی کو رومانیہ نے 1-0 سے ہرایا، نیدرلینڈز نے آندورا کیخلاف 3-0 سے کامیابی پائی، اسٹونیا پر ہنگری کو 1-0 سے فتح ملی۔گروپ ' ایچ ' میں انگلینڈ نے سان مارینو پر 5-0 سے ہاتھ صاف کیا، مالدووا اور یوکرین کا میچ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے کئی عمدہ مووز بنائی مگر مقررہ وقت میں کوئی بھی گول نہ کرسکی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔