ٹائیگرزبھارت کوگھرمیں گھیرنے کا خواب دیکھنے لگے

مشفیق کہتے ہیں کہ ہماری ٹیم کی پرفارمنس میں کافی بہتری آچکی، یہ یکطرفہ مقابلہ نہیں بلکہ ہم مہمان ٹیم کوٹف ٹائم دیں گے

نئے بھارتی ٹیسٹ کپتان ویرات کوہلی اپنے سفر کا آغاز کامیابی سے کرنے کیلیے پُرعزم ہیں، فوٹو : اے ایف پی / فائل

SUKKUR:
بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان واحد ٹیسٹ کا آغاز بدھ سے فتح اللہ میں ہورہا ہے، بنگال ٹائیگرز بھارتی سورمائوں کو گھر میں گھیرنے کا خواب دیکھنے لگے، ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں شکست کا حساب بھی چکتا کرنے کی کوشش ہو گی، کپتان مشفیق الرحیم کی وکٹ کیپنگ کے حوالے سے فیصلہ آخری لمحات میں کیا جائے گا،ان کا کہنا ہے کہ ہم مہمان سائیڈ کو ٹف ٹائم دیں گے،کامیابی کا امکان ففٹی ففٹی ہے۔

دوسری جانب نئے بھارتی کپتان ویرات کوہلی اپنے سفر کا آغاز کامیابی سے کرنے کیلیے پُرعزم ہیں، انھوں نے پانچ بولرز میدان میں بھی اتارنے کا عندیہ دیا۔ پچ پر گھاس موجود مگر منتظمین کو یقین ہے کہ یہ سلو ٹریک ثابت ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے متنازع کوارٹر فائنل نے بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان واحد ٹیسٹ کی شدت میں اضافہ کردیا ہے، میزبان سائیڈ نے حال ہی میں پاکستان کیخلاف ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک ٹیسٹ ڈرا کرنے میں بھی کامیاب رہی، جس سے اس کے حوصلے کافی بلند ہوچکے۔


وہ اب اپنے ہوم گراؤنڈ پربھی بھارت کومزہ چکھانے کی خواہاں ہے،البتہ بلوکیپس کیخلاف اس کا ٹیسٹ ریکارڈ انتہائی مایوس کن ہے،دونوں ٹیموں کا اب تک 6 بار سامنا ہوا اور پانچ میں بنگلہ دیش کو شکست ہوئی اورایک ڈرا پرختم ہوا۔ مشفیق الرحیم پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریزمیں انگلی پرچوٹ کھا بیٹھے تھے جو ابھی تک ٹھیک نہیں ہوئی،آخری لمحات میں یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ وہ وکٹ کیپنگ کریںگے یا نہیں، اگر وہ گلوز سنبھالنے کے قابل نہیں ہوئے تو پھر لٹن داس کے ڈیبیو کی راہ ہموار ہوجائے گی۔

مشفیق کہتے ہیں کہ ہماری ٹیم کی پرفارمنس میں کافی بہتری آچکی، یہ یکطرفہ مقابلہ نہیں بلکہ ہم مہمان ٹیم کوٹف ٹائم دیں گے، ہماری کامیابی کے امکانات ففٹی ففٹی ہیں۔ ادھر ویرات کوہلی اپنی ٹیسٹ کپتانی کے سفر کا آغاز کامیابیوں کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ صرف 26 برس کی عمر میں ٹیم کی قیادت ملنے کا کبھی تصوربھی نہیں کیا تھا، ہم کامیابی کے لیے پُراعتماد ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم6 بیٹسمین اور5 بولرز کے ساتھ میدان سنبھال سکتے ہیں۔
Load Next Story