افغانستان خودکش حملہ بم دھماکے 2اتحادی فوجیوں سمیت 9ہلاک

افغان فوج کا 32 طالبان کی ہلاکت کا دعویٰ، طالبان کی جانب سے ننگر ہار ایئر بیس پر16میزائل فائر.


Online/AFP October 14, 2012
صدرکرزئی سے پاکستان اور افغانستان کیلیے جرمنی کے نمائندہ خصوصی کی ملاقات،تعاون سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال. فوٹو: اے ایف پی

افغانستان میں طالبان کے خودکش حملے اور دو بم دھماکوں میں 2 اتحادی فوجیوں سمیت 9 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق صوبہ قندھار کے ضلع مارف میں ایک طالبان خودکش حملہ آور نے خود کو ایک چیک پوائنٹ پر زور دار دھماکے سے اڑا دیا جس کے قریب اتحادی اور افغان فوجی کھڑے تھے ۔دھماکے میں دو اتحادی فوجی اور چار افغان انٹیلی جنس کے ایجنٹ ہلاک ہوگئے۔ایساف کے ترجمان نے دھماکے میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں اتحادی فوج کے کئی سویلین افراد بھی زخمی ہوئے ہیں،جنھیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

طالبان ترجمان قاری یوسف احمدی نے حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے میں 6 اتحادی فوجی اور متعدد افغان اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ افغان حکام کے مطابق حملہ آور پیدل تھا اور اس نے خودکش جیکٹ پہنے ہوئی تھی۔ دریں اثنا صوبہ زابل کے دارالحکومت قلات میں پولیس کی گاڑی بم دھماکے میں تباہ ہوگئی جس میں 2 اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔ ہلمند میں ایک اور بم دھماکے میں 12سالہ لڑکا جاں بحق اور 10سالہ لڑکی زخمی ہوگئی۔

دوسری طرف صدرحامدکرزئی سے پاکستان اور افغانستان کے لیے جرمنی کے نمائندہ خصوصی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے افغانستان میں استحکام کے لیے کردار،آئندہ انتخابات، باہمی دلچسپی کے امور اور جرمنی کے افغانستان کے ساتھ تعاون سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آن لائن کے مطابق صوبہ قندھار میں افغان فوج نے آپریشن کے دوران32 طالبان کو ہلاک اور 6 کو زخمی کردیا، دریں اثنا طالبان نے صوبہ ننگر ہار میں ایئر بیس پر16میزائل فائر کئے تاہم اس حملے میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں