شاہ محمود اور رانا تنویر کی قومی اسمبلی میں ایک دوسرے کو ’’دیکھ لینے‘‘ کی دھمکیاں

دونوں ارکان جھگڑنے کے لئے ایک دوسرے کی جانب بڑھے تاہم دیگر ارکان نے ان کے درمیان بیچ بچاؤ کرادیا


ویب ڈیسک June 10, 2015
رانا تنویر حسین نے شاہ محمود قریشی سے معافی مانگ لی فوٹو : فائل

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر رانا تنویر نے تلخ کلامی کے دوران ایک دوسرے کو ''دیکھ لینے'' کی دھمکیاں بھی دے ڈالیں۔

اسپیکر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے بجٹ اجلاس کی براہ راست کوریج اور ایوان میں کورم پورا نہ ہونے کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تو اس دوران وفاقی وزیر رانا تنویر اور شاہ محمود کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا، دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو دیکھ لینے کی دھمکیاں بھی دیں۔ دونوں ارکان جھگڑنے کے لئے ایک دوسرے کی جانب بڑھے تاہم دیگر ارکان نے ان کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا اور انہیں ایوان سے باہر لے گئے۔

معاملہ رفع دفع ہونے کے بعد قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ اپوزیشن نے ایوان میں جو رویہ اختیار کیا ہے وہ حکومت میسر نہیں آیا۔ سب کو اپنے بزرگوں کا احترام عزیز ہوتا ہے، کسی کے جذبات مجروح نہ کئے جائیں، ان معاملات میں اپوزیشن ایک ہے ایسے الفاظ واپس لئے جانے چاہئیں، جس پر رانا تنویر حسین نے کہا کہ اگر ان کی کسی بات سے شاہ محمود قریشی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ معذرت چاہتے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔